زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے ترکی پہنچی ہندوستان کی ٹیم

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 07-02-2023
زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے ترکی پہنچی ہندوستان کی ٹیم
زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے ترکی پہنچی ہندوستان کی ٹیم

 

 

نئی دہلی: ہندوستان نے ترکی اور شام میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر نہ صرف گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے بلکہ ان کی مدد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے پیش نظر این ڈی آر ایف کی ٹیم تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ اور ضروری سامان کے ساتھ غازی آباد کے ہنڈن ہوائی اڈے سے ترکی کے زلزلہ متاثرہ علاقے میں تلاشی مہم کے لیے روانہ ہوئی اور ترکی پہنچی۔

این ڈی آر ایف غازی آباد کے ڈی آئی جی (آپریشن اینڈ ٹریننگ) محسن شہیدی نے کہا کہ ترکی اور شام میں آنے والے خوفناک زلزلے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے پیش نظر حکومت ہند نے این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں وہاں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈیا انرجی ویک کا افتتاح کرنے آئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تقریر کا آغاز ترکی کی صورتحال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی میں زلزلے سے بہت سے لوگوں کی المناک موت اور بڑے نقصان کی اطلاعات ہیں۔ ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ترکی ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر ہندوستان مخالف موقف اپناتا رہا ہے۔ اس کے باوجود آفت زدگان کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے پی ایم مودی نے مہربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو انسانی فلاح و بہبود کا پیغام دیا ہے۔ پی ایم مودی کی ہدایت پر مدد فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، 'مجھے شدید دکھ ہے کہ شام کو بھی تباہ کن زلزلے سے بہت نقصان پہنچا ہے۔ میں اس سے متاثرہ لوگوں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم اس مشکل وقت میں شامی عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ بنگلور میں مختلف پروگراموں کی مصروفیت کے باوجود پی ایم مودی کی ہدایت پر دہلی میں زلزلہ سے متاثرہ ترکی اور شام کو مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت پی ایم او کے اسپیشل سکریٹری پی کے مشرا نے کی۔

کابینہ سکریٹری کے علاوہ وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور کچھ دیگر وزارتوں کے افسران بھی اس میں موجود تھے۔ اس میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم کے ساتھ محکمہ صحت کے کارکنوں کے ساتھ آفت ناگہانی میں استعمال ہونے والے امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ این ڈی آر ایف کے 100 تربیت یافتہ اہلکاروں کی دو ٹیمیں، سرچ آپریشن میں تربیت یافتہ کتوں اور زلزلے کی تباہی میں کارآمد ثابت ہونے والے آلات ترکی بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔ میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹروں اور نرسوں کے علاوہ ضروری ادویات کی کھیپ بھی بھیجی جائے گی۔اس بیچ ترکی نے مدد کرنے پر ہندوستان کو 'دوست' قرار دیاہے۔ ترکی نے 24 گھنٹوں کے دوران ترکی میں آنے والے تین تباہ کن زلزلوں کے متاثرین کی مدد اور فنڈز فراہم کرنے میں ہندوستان کی سخاوت کا شکریہ ادا کیا ہے اور اسے "دوست" قرار دیا ہے۔ ہندوستان میں ترکی کے سفیر فرات سنیل نے کہا، ’’آپ کا شکریہ، اپنا وہ ہے جو وقت پر کام آئے۔ قبل ازیں مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے ترکی کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور تعزیت پیش کی۔