نیو چندی گڑھ (پنجاب): کپتان شبمن گل کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ سے قبل سرخ گیند (ریڈ بال) کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ میچ ہفتے سے نیو چندی گڑھ میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی ٹیم نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں کلدیپ یادو، یشسوی جیسوال، کے ایل راہل اور دیگر کھلاڑی بھرپور پریکٹس کرتے نظر آئے، جبکہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر تربیتی سیشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا: "افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل بھارتی ٹیم نے نیٹس میں ریڈ بال پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔" افغانستان کے خلاف یہ ٹیسٹ میچ رواں سال بھارتی مردوں کی ٹیم کا پہلا ریڈ بال مقابلہ ہوگا، جو آئی پی ایل 2026 کے اختتام کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد کھیلا جا رہا ہے۔ اس ٹیسٹ کے بعد بھارت اور افغانستان کے درمیان 14 سے 20 جون تک تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں (ون ڈے) کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
شبمن گل دونوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ کے ایل راہل کو ٹیسٹ فارمیٹ میں نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے اور انہوں نے رشبھ پنت کی جگہ لی ہے۔ دوسری جانب شریاس ایر کو ون ڈے فارمیٹ کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ ادھر بھارت کے سابق لیگ اسپنر سائراج بہتولے منگل کو بھارتی مردوں کی قومی ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ کے طور پر ٹیم کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔ 53 سالہ بہتولے تمام فارمیٹس میں بھارتی اسپن بولنگ شعبے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
وہ آئی پی ایل 2026 میں پنجاب کنگز کے اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد قومی ٹیم کے ساتھ منسلک ہوئے ہیں۔ بطور کھلاڑی سائراج بہتولے نے 1997 سے 2003 کے درمیان بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ٹیسٹ اور آٹھ ون ڈے میچ کھیلے۔ اگرچہ بین الاقوامی سطح پر انہیں زیادہ مواقع نہیں ملے، تاہم ان کا فرسٹ کلاس اور ڈومیسٹک کیریئر انتہائی کامیاب رہا۔ انہوں نے 188 فرسٹ کلاس میچوں میں 630 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 143 لسٹ اے میچوں میں 197 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔