نئی دہلی: ہندوستانی بحریہ 22 جولائی کو جدید اینٹی سب میرین وارفیئر شالو واٹر کرافٹ (ASW-SWC) مالون کو باضابطہ طور پر اپنے بیڑے میں شامل کرے گی۔ وزارت دفاع نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں اس کی اطلاع دی۔
تقریب کی صدارت فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ کریں گے جبکہ مغربی بحری کمان کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف وائس ایڈمرل سنجے وتساین بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ تقریب میں بحریہ کے اعلیٰ افسران۔ کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ کے نمائندے۔ سابق فوجی اہلکار اور دیگر معزز مہمان بھی شرکت کریں گے۔
کوچی کے کوچین شپ یارڈ لمیٹڈ میں تیار کیا گیا مالون ماہے کلاس کے آبدوز شکن کم گہرے پانی کے جنگی جہازوں کی دوسری کشتی ہے۔ یہ جدید جنگی جہاز بحری جہاز سازی اور ڈیزائن کے میدان میں آتم نربھر ہندوستان کے وژن کی عملی مثال ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق اس جہاز میں 80 فیصد سے زیادہ مقامی طور پر تیار کردہ ساز و سامان اور ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو جنگی جہازوں کے ڈیزائن۔ تعمیر اور مختلف نظاموں کے انضمام میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ مالون حجم میں نسبتاً چھوٹا ہے لیکن اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے نہایت طاقتور ہے۔ اس کی تیز رفتاری۔ اعلیٰ پھرتی۔ درست کارروائی کی صلاحیت اور طویل مدت تک آپریشن انجام دینے کی خصوصیات اسے کم گہرے سمندری علاقوں میں آبدوزوں کے خلاف کارروائی کے لیے انتہائی مؤثر بناتی ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق مالون کی شمولیت کے ساتھ مقامی طور پر تیار کیے گئے نئی نسل کے کم گہرے پانی میں کارروائی کرنے والے جنگی جہازوں کی بحریہ میں شمولیت کا سلسلہ مزید مضبوط ہوگا اور اس سے ساحلی دفاع اور سمندری سلامتی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔