ہندوستانی بحریہ بے مثال ہمت اور عزم کا مترادف ہے: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-12-2025
ہندوستانی بحریہ بے مثال ہمت اور عزم کا مترادف ہے: مودی
ہندوستانی بحریہ بے مثال ہمت اور عزم کا مترادف ہے: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یومِ بحریہ کے موقع پر بحریہ کے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی بحریہ "ناقابلِ تسخیر حوصلے اور مضبوط عزم" کا دوسرا نام ہے۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ گزشتہ برسوں میں ہندوستانی بحریہ نے خود انحصاری اور جدید کاری پر خصوصی توجہ دی ہے، جس سے "ہمارے سیکیورٹی نظام کی مضبوطی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ چار دسمبر کو منایا جانے والا یومِ بحریہ، 1971 کے ہندوستان–پاکستان جنگ کے دوران بحریہ کے اہم کردار کی یاد دلاتا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کی میزائل کشتیاں نے آپریشن ٹرائیڈنٹ کے تحت کراچی بندرگاہ پر بھرپور حملہ کیا تھا۔
وزیرِ اعظم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہندوستانی بحریہ کے تمام اہلکاروں کو یومِ بحریہ کی دِلی مبارکباد۔ ہماری بحریہ ناقابلِ تسخیر حوصلے اور مضبوط عزم کی علامت ہے۔ وہ ہمارے ساحلوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ہمارے بحری مفادات کو برقرار رکھتے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بحریہ نے خود انحصاری اور جدید کاری پر بھرپور توجہ دی ہے، جس سے ہمارا سیکیورٹی نظام مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے اُس یادگار لمحے کا بھی ذکر کیا جب انہوں نے ہندوستان کے دیسی طیارہ بردار جہاز  آئی این ایس وِکرانت پر بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا تھا۔
مودی نے کہا کہ میں اس سال کی دیوالی کبھی نہیں بھول سکتا، جو میں نے آئی این ایس وکرانت پر بحریہ کے جوانوں کے ساتھ منائی۔ ہندوستانی بحریہ کو آئندہ کاموں کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ دریں اثناء، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے تریپاٹھی نے بھی فورس کو مبارکباد دیتے ہوئے ہندوستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ بحریہ 2025 کے موقع پر ہم یہ عہد دہراتے ہیں کہ ہم فرض، احترام اور حوصلے کے ساتھ بحریہ اور قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔ ہم ایک تیار برائے جنگ، قابلِ اعتماد، متحد اور مستقبل کے لیے خود انحصار فورس کے طور پر مضبوطی سے ڈٹے رہیں گے۔