بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمشنرکی پی ایم مودی سے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-08-2026
بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمشنرکی  پی ایم مودی سے ملاقات
بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمشنرکی پی ایم مودی سے ملاقات

 



نئی دہلی:بنگلہ دیش میں ہندوستان کے ہائی کمشنر دنیش ترویدی نے منگل کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان سے ان کی ملاقات کے ایک روز بعد ہوئی۔

بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ہائی کمشنر دنیش ترویدی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کثیر الجہتی اور دیرپا دوطرفہ تعلقات کو عوامی مفاد پر مبنی نقطہ نظر کے ساتھ تعمیری انداز میں مزید مضبوط بنانے کے لیے ان سے رہنمائی طلب کی۔

پیر کو طارق رحمان سے ملاقات کے دوران ہائی کمشنر ترویدی نے وزیر اعظم مودی کی جانب سے مبارک باد پیش کی اور بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ مثبت۔ تعمیری اور مستقبل پر مرکوز انداز میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور عوامی مفاد پر مبنی نقطہ نظر کے ساتھ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بات کی۔

بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے دفتر میں کابینہ ڈویژن کے تحت بنگلہ دیش سیکریٹریٹ میں ہونے والی یہ ملاقات اس لحاظ سے اہم ہے کہ ڈھاکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ہندوستان سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے عمل کو تیز کرے گا۔ شیخ حسینہ کو 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔ملاقات کے آغاز میں بنگلہ دیشی وزیر اعظم نے ہندوستانی ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا۔ ترویدی نے ڈھاکہ میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران اپنی ذمہ داریوں کے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔

بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیش نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان شیخ حسینہ کی حوالگی کے عمل کو تیز کرے گا۔ڈھاکہ نے نئی دہلی سے شاہد عثمان ہادی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث افراد کو بھی واپس کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ شاہد عثمان ہادی جولائی کی تحریک کے نمایاں رہنماؤں میں شامل تھے اور انہیں 12 دسمبر 2025 کو قریب سے گولی ماری گئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ بنگلہ دیش نے ہندوستان سے شاہد عثمان ہادی کے قتل میں ملوث قاتلوں کو واپس کرنے کی درخواست بھی دہرائی۔دوطرفہ اہم معاملات پر بات چیت کے دوران طارق رحمان نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمان۔ وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر ہمایوں کبیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ یہ ملاقات ترویدی اور وزیر خارجہ رحمان کے درمیان ایک روز قبل ہونے والی ون آن ون ملاقات کے بعد ہوئی۔یہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی کے دوران ہوئی ہیں۔ یہ کشیدگی 5 اگست کو نئی دہلی میں شیخ حسینہ کی آن لائن پریس بات چیت کے بعد پیدا ہوئی۔یہ پروگرام جنوبی ایشیا کے غیر ملکی نامہ نگاروں کے کلب نے شیخ حسینہ کی اقتدار سے بے دخلی کی دوسری برسی کے موقع پر منعقد کیا تھا۔ ڈھاکہ نے اس پر سخت اعتراض کیا تھا۔اپنے خطاب میں شیخ حسینہ نے کہا تھا کہ وہ دسمبر میں اپنے وطن واپس آنے کے عزم پر قائم ہیں تاکہ جمہوریت بحال کرکے ملک کو درست سمت میں لے جایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ واپسی پر انہیں قید یا سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور ان بیانات کی مذمت کی۔ وزارت نے کہا کہ اس واقعے سے عوامی جذبات متاثر ہوئے اور دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کی کوششیں مزید پیچیدہ ہوئیں۔تاہم ہندوستان نے شیخ حسینہ کے پروگرام سے خود کو الگ کرتے ہوئے واضح کیا کہ نئی دہلی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں حکومت کا کوئی کردار نہیں تھا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ پروگرام ایک نجی میڈیا ادارے کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا اور ہندوستانی حکومت اس میں ظاہر کیے جانے والے کسی بھی موقف کی حمایت نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ جس پروگرام کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ ایک نجی میڈیا ادارے کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ حکومت کا اس میں کسی بھی طرح کا کوئی کردار نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس فورم پر ظاہر کیے جانے والے کسی بھی موقف کی حمایت کرتی ہے۔