تہران
ہندوستانی سفارت خانہ ایران نے جاری علاقائی کشیدگی اور پروازوں کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر ایک نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو ایران کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی سخت ہدایت دی ہے۔سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستانی شہری کسی بھی ذریعے سے ایران کا سفر نہ کریں، جبکہ جو لوگ پہلے سے وہاں موجود ہیں وہ سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ملک چھوڑ دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان اور ایران کے درمیان کچھ پروازوں کی بحالی کی خبروں کے باوجود، پہلے جاری کی گئی ہدایات کے تسلسل میں، تمام ہندوستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایران کا سفر نہ کریں، چاہے فضائی راستہ ہو یا زمینی۔ علاقائی کشیدگی کے باعث فضائی حدود پر پابندیاں اور آپریشنل غیر یقینی صورتحال اب بھی بین الاقوامی پروازوں کو متاثر کر رہی ہے۔
مزید کہا گیا کہ ایران میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ سفارت خانے کی رہنمائی اور ہم آہنگی کے ساتھ مقررہ زمینی سرحدی راستوں کے ذریعے فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔ رہنمائی کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:موبائل: +989128109115؛ +989128109102؛ +989128109109؛ +989932179359
یاد رہے کہ سفارت خانے نے اس سے قبل 8 اپریل کو بھی اسی نوعیت کی ایڈوائزری جاری کی تھی، جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کو جلد از جلد ایران چھوڑنے کی ہدایت دی گئی تھی۔سفارت خانے نے زور دے کر کہا کہ ایران سے نکلنے کا عمل مکمل طور پر سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہ کر ہی کیا جائے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ 7 اپریل 2026 کی ہدایت کے تسلسل میں اور حالیہ پیش رفت کے پیش نظر، ایران میں موجود تمام ہندوستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفارت خانے کے ساتھ ہم آہنگی کرتے ہوئے اور اس کی جانب سے تجویز کردہ راستوں کے ذریعے جلد از جلد ایران سے نکل جائیں۔
اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ سفارت خانے سے پیشگی مشورہ اور رابطہ کیے بغیر کسی بھی بین الاقوامی زمینی سرحد کی طرف جانے کی کوشش نہ کی جائے۔دوسری جانب، مغربی ایشیا کی صورتحال پر جمعرات کو ہونے والی بین الوزارتی بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (خلیج) اسیم آر مہاجن نے بتایا کہ 28 فروری کے بعد سے تقریباً 12 لاکھ 12 ہزار مسافر اس خطے سے ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پروازوں کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور خطے سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے لیے اضافی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ 28 فروری کے بعد سے تقریباً 12,12,000 مسافر اس خطے سے ہندوستان آئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان حفاظتی اور آپریشنل صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محدود تجارتی پروازیں جاری ہیں، اور آج تقریباً 110 پروازیں یو اے ای سے ہندوستان کے لیے متوقع ہیں۔