ہندوستانی جمہوریت میں تمام آوازوں کے لیے جگہ ہے: آر ایس ایس لیڈر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-05-2026
ہندوستانی جمہوریت میں تمام آوازوں کے لیے جگہ ہے: آر ایس ایس لیڈر
ہندوستانی جمہوریت میں تمام آوازوں کے لیے جگہ ہے: آر ایس ایس لیڈر

 



ناگپور
 راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سینئر رہنما سنیل امبیکر نے کہا ہے کہ ہندوستانی جمہوریت میں ہر آواز اور ہر جذبے کو جگہ دینے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ نئی نسل یعنی جنریشن زیڈ  کو بھی ملک پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے یہ بات کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ابھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔آر ایس ایس کے اکھل ہندوستان پرچار پرمکھ (کل ہند تشہیری سربراہ) سنیل امبیکر نے جمعہ کو ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں جمہوری عمل کے تحت شفاف انتخابات منعقد ہوتے ہیں اور یہاں آزاد میڈیا موجود ہے، جس میں سوشل میڈیا بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ جمہوریت میں ہونے والی کسی بھی بحث اور لوگوں کے مختلف خیالات و آراء کو حیرت یا صدمے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ یہ جمہوری عمل کا ایک فطری حصہ ہیں۔ میرا یقین ہے کہ میڈیا ان معاملات کو سنبھالنے کے لیے کافی حد تک آزاد ہے۔ سیاسی جماعتیں بھی موجود ہیں اور اپنے کردار کی ادائیگی کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہمارے کسی بھی ادارے کو کمزور نہیں کہا جا سکتا۔
سنیل امبیکر نے مزید کہا کہ ہمارے عوام کی طاقت اور ہماری جمہوریت مضبوط ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہماری جمہوریت میں ہر شخص کی آواز اور جذبات کو شامل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، اور لوگوں کو اس پر اعتماد رکھنا چاہیے۔ آر ایس ایس کو بھی اس پر مکمل بھروسہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان، خصوصاً جنریشن زیڈ، ملک کے مستقبل کے بارے میں بہت پُرامید ہیں اور انہیں ملک پر بھرپور اعتماد ہے۔ ان کے مطابق نوجوان آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کام کرتے ہیں۔
امبیکر نے کہاکہ جمہوریت میں مختلف مسائل اٹھائے جاتے ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے جمہوری طریقے موجود ہوتے ہیں۔پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے آر ایس ایس کے جنرل سیکریٹری دتا تریہ ہوسبالے کے حالیہ بیان پر سوال کیے جانے پر سنیل امبیکر نے کہا کہ سنگھ کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ عوامی سطح پر ہونے والی بات چیت مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے درمیان مذاکرات کا انعقاد ایک سیاسی اور سفارتی فیصلہ ہوتا ہے۔امبیکر نے مزید کہا کہ یہ درست ہے کہ جب سرکاری سطح پر بات چیت آگے نہیں بڑھ رہی ہوتی تو ہوسبالے جی نے کہا تھا کہ عوامی سطح پر جو رابطے اور مکالمہ جاری ہیں، انہیں برقرار رہنا چاہیے۔ بعض معاملات اب بھی سامنے آتے ہیں اور تجارت بھی جاری رہتی ہے۔ ان روابط کو قائم رہنا چاہیے تاکہ تعلقات کا سلسلہ برقرار رہے اور وقت کے ساتھ کچھ مسائل کا حل نکل سکے۔
تقسیمِ ہند کے موضوع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہمیشہ ہندوستان کی تقسیم کی مخالفت کی تھی۔ ان کے مطابق اگر اس وقت آر ایس ایس زیادہ مضبوط ہوتی تو تقسیم کبھی نہ ہوتی۔