ہندوستانی فوج نے پونچھ میں کی افطار پارٹی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-03-2026
ہندوستانی فوج نے پونچھ میں کی افطار پارٹی
ہندوستانی فوج نے پونچھ میں کی افطار پارٹی

 



پونچھ
ماہِ رمضان کے دوران انڈین آرمی کی مختلف بٹالینز جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں افطار پارٹیوں کا اہتمام کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں فوج کی سرلا بٹالین نے پیر کے روز  پونچھ میں افطار پارٹی کا انعقاد کیا، جہاں سینکڑوں روزہ داروں نے فوجی جوانوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ اس موقع پر دیگر برادریوں کے افراد بھی شریک ہوئے۔
جموں و کشمیر کا ضلع پونچھ لائن آف کنٹرول  کے قریب واقع ہے۔ یہاں تعینات سرلا بٹالین نے اس افطار میں کنٹرول لائن کے نزدیک رہنے والے معزز شہریوں اور سابق فوجیوں کو مدعو کیا۔ سب نے مل کر روزہ افطار کیا اور اس کے بعد نماز ادا کر کے علاقے میں امن اور بھائی چارے کے لیے دعا مانگی۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہر سال روزہ داروں کے لیے افطار کا اہتمام کرتی ہے۔
ہندو، مسلم اور سکھ کا ایک ساتھ افطار
پونچھ کے گاؤں کرمرہا کے رہائشی چوہدری فضل نے کہا کہ سرلا بٹالین نے آج مسلم، ہندو اور سکھ سب کو مدعو کر کے مشترکہ افطار کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی میل جول بہت اچھا رہا اور ہم فوج کے بے حد شکر گزار ہیں۔ ہماری بہادر فوج دشمن کا مضبوطی سے مقابلہ کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، جبکہ عام شہری بھی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
ایک اور مقامی شہری نے کہا کہ فوج ہر سال کی طرح اس سال بھی افطار کا اہتمام کر رہی ہے، جس سے علاقے کے لوگوں میں فوج کے لیے احترام اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
شہری اور دیہی علاقوں میں افطار کا اہتمام
فوج کی مختلف بٹالینز نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں افطار پارٹیوں کا انعقاد کیا۔ سرحدی اضلاع میں فوج کے دستے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یہ تقاریب منعقد کر رہے ہیں۔ ان افطار پارٹیوں میں بچے، نوجوان اور بزرگ بڑی تعداد میں شریک ہو رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایسے پروگراموں سے فوج پر اعتماد بڑھتا ہے۔ اسی طرح  سری نگر ، کشمیر، پونچھ اور دیگر علاقوں میں بھی افطار پارٹیوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں تمام برادریوں کے افراد نے شرکت کی۔
کپواڑہ اور لداخ میں بھی افطار
جموں و کشمیر کے کپواڑا  میں بھی فوج نے افطار پارٹی کا اہتمام کیا، جہاں جوانوں نے سینکڑوں روزہ داروں کے ساتھ بیٹھ کر روزہ افطار کیا۔ اس کا مقصد باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور سماجی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس کے علاوہ  لداخ میں تعینات فوج کی "کارگل سینٹینلز" (121 انفنٹری بریگیڈ) نے حال ہی میں کارگل سولجرز انسٹی ٹیوٹ میں بھی افطار پارٹی کا انعقاد کیا، جس میں مختلف طبقات کے لوگوں نے شرکت کی۔