فوج کا کارگل ہیرو کیپٹن این کینگوروسے کو خراجِ عقیدت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-06-2026
فوج کا کارگل ہیرو کیپٹن این کینگوروسے کو خراجِ عقیدت
فوج کا کارگل ہیرو کیپٹن این کینگوروسے کو خراجِ عقیدت

 



 کوہیما: بھارتی فوج کے اسپیئر کور اور آسام رائفلز نے کارگل جنگ کے ہیرو اور مہاویر چکر (بعد از وفات) سے نوازے گئے کیپٹن نیکےژاکھو کینگوروسے کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ یادگاری تقریب ناگالینڈ کے ضلع کوہیما کے نیرہے پھیژا گاؤں میں واقع کینگوروسے وار میموریل پر منعقد ہوئی۔

تقریب میں اسپیئر کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل گریش کالیا، کیپٹن کینگوروسے کے والدین، اہلِ خانہ، سابق فوجیوں، مقامی افراد اور فوجی اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور امر جوان جیوتی روشن کرنے سے ہوا، جبکہ کیپٹن کینگوروسے کی زندگی، بہادری اور قربانی پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

اس موقع پر کیپٹن کینگوروسے کی یونٹ 2 راجپوتانہ رائفلز کے فوجیوں نے ان کے والدین سے ملاقات کرکے خراجِ احترام پیش کیا۔ آسام رائفلز، ناگالینڈ پولیس مہلا پائپ بینڈ، سابق فوجیوں اور این سی سی کیڈٹس نے مارچ پاسٹ پیش کیا، جبکہ آسام رائفلز کے بینڈ نے حب الوطنی کی دھنیں پیش کیں۔

تقریب کے دوران کیپٹن کینگوروسے کے والدین کی خصوصی تہنیت بھی کی گئی۔ اسی موقع پر ان کے والد نے مقامی افراد کے لیے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے "کیپٹن این کینگوروسے، ایم وی سی میڈیکل کیمپ" کا افتتاح کیا۔

اختتامی تقریب میں کیپٹن کینگوروسے کے بڑے بھائی نے شکریہ ادا کیا اور ان کی زندگی پر مبنی ایک کتاب جنرل آفیسر کمانڈنگ کو پیش کی۔ تقریب میں شریک افراد نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئندہ نسلوں کو فرض شناسی، بہادری اور بے لوث خدمت کا پیغام دیا۔