انڈین ایئرلائنس نے 300 سے زیادہ بین الاقوامی پروازیں منسوخ کیں

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-03-2026
انڈین ایئرلائنس نے 300 سے زیادہ بین الاقوامی پروازیں منسوخ کیں
انڈین ایئرلائنس نے 300 سے زیادہ بین الاقوامی پروازیں منسوخ کیں

 



نئی دہلی
مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی تیسرے دن بھی برقرار رہنے کے باعث ہندوستانی ایئرلائنز نے پیر کے روز 300 سے زائد بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دیں۔ پیر کو ملک کے چار بڑے ہوائی اڈوں – دہلی، ممبئی، بنگلورو اور چنئی – پر آمد و رفت سمیت 300 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مشرقِ وسطیٰ کے کئی فضائی علاقے بند رہے۔
عہدیداروں نے  بتایا کہ پیر کے روز انڈیگو نے 163 سے زائد پروازیں منسوخ کیں، جبکہ ایئر انڈیا گروپ (ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس) نے 110 سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں۔ عہدیداروں اور ویب سائٹس و دیگر ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق اسپائس جیٹ نے کم از کم 20 پروازیں منسوخ کیں جبکہ آکاسا ایئر نے آٹھ پروازیں آپریٹ نہیں کیں۔ مجموعی طور پر ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے 300 سے زیادہ غیر ملکی پروازیں منسوخ کر دیں۔
دہلی ہوائی اڈے پر دن بھر میں 87 پروازیں منسوخ
ایئر انڈیا نے پیر کو شمالی امریکہ اور یورپ کے لیے تقریباً 20 پروازیں چلائیں۔ یورپ میں داخل ہونے سے قبل ان پروازوں نے عمان، سعودی عرب اور مصر کے اوپر سے طویل راستہ اختیار کیا۔ اس دوران ممبئی اور دہلی ہوائی اڈوں پر بالترتیب 116 اور 87 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ بنگلورو اور چنئی ہوائی اڈوں پر بالترتیب 72 اور 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
دہلی ہوائی اڈے کے آپریٹر ڈی آئی اے ایل نے پیر کو کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری سیاسی حالات کے سبب مغرب کی جانب جانے والی بعض بین الاقوامی پروازوں میں تاخیر یا شیڈول میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ منگل کے روز بھی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں آکاسا ایئر نے کہا کہ ابوظہبی، دوحہ، جدہ، کویت اور ریاض کے لیے آنے اور جانے والی اس کی پروازیں منگل کو معطل رہیں گی۔ انڈیگو نے بھی ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “ہماری مسلسل احتیاطی حکمت عملی کے تحت مغربی ایشیائی فضائی حدود کے بعض حصوں سے گزرنے والی منتخب بین الاقوامی پروازوں کی عارضی معطلی میں توسیع کر دی گئی ہے۔
فضائی حدود بند ہونے سے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن متاثر
شہری ہوا بازی کی وزارت کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں ہندوستانی ایئرلائنز نے مختلف مقامات کے لیے 760 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی ہیں۔ امرتسر ہوائی اڈے پر بھی 12 بین الاقوامی پروازیں منسوخ رہیں۔ ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا ko کل 12 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں اور تمام مسافروں کو پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی۔ یہ قدم ایران کی فضائی حدود مسلسل بند رہنے کے باعث اٹھایا گیا ہے۔ فضائی حدود کی بندش سے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔