نئی دہلی
آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے جمعہ کے روز مصنوعی ذہانت (اے آئی) میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اے آئی اور اس سے وابستہ صنعتوں میں عالمی قیادت کا کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔
نئی دہلی میں منعقدہ انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کے موقع پر اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی عالمی سطح پر ہندوستان کی اے آئی صلاحیتوں کو سرگرمی سے فروغ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا كہ ہم سب بہت خوش ہیں۔ ہمارے وزیرِ اعظم عالمی سطح پر ہندوستان کی اے آئی کو فروغ دے رہے ہیں۔ یہ ایک متاثر کن دور ہے۔ سب کچھ ہندوستان میں ہو رہا ہے۔ ہندوستان اے آئی اور اس سے متعلق صنعتوں میں عالمی قیادت فراہم کرے گا۔وسیع تر ٹیکنالوجی ایکو سسٹم پر روشنی ڈالتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ نے انٹیگریٹڈ ڈیٹا سینٹرز اور کوانٹم ٹیکنالوجیز میں ہونے والی پیش رفت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا كہ صرف اے آئی ہی نہیں، بلکہ انٹیگریٹڈ ڈیٹا سینٹرز، اے آئی، کوانٹم—جو نام لیں، سب کچھ ہو رہا ہے۔ ہم بہت خوش ہیں۔ حالات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ ہم ایک متاثر کن دور میں جی رہے ہیں اور سب کو اسی سمت میں کام کرنا ہوگا۔نائیڈو نے ایکس پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے یہ بھی اعلان کیا کہ آندھرا پردیش حکومت نے آئی بی ایم کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے تحت ریاست میں ایک لاکھ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے ایکس پر لکھا كہ ہم آندھرا پردیش میں ایک لاکھ باصلاحیت نوجوانوں کو اے آئی، سائبر سکیورٹی اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں مہارت دلانے کے لیے آئی بی ایم کے ساتھ شراکت داری کر رہے ہیں۔ آئندہ تین سے پانچ برسوں میں ہمارے طلبہ صنعت سے ہم آہنگ، مستقبل کے لیے تیار مہارتیں حاصل کریں گے اور ریاست کے ابھرتے ہوئے ٹیک ورک فورس کو مضبوط بنائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ایک لیٹر آف انٹینٹ پر نئی دہلی میں منعقدہ اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران انا پاؤلا (سینئر نائب صدر اور چیئر، آئی بی ایم ای ایم ای اے و گروتھ مارکیٹس)، سندیپ پٹیل (منیجنگ ڈائریکٹر، آئی بی ایم انڈیا و جنوبی ایشیا)، ڈاکٹر امِتھ سنگھی (ڈائریکٹر، آئی بی ایم ریسرچ انڈیا و سی ٹی او) اور کشور بالاجی (ایگزیکٹو ڈائریکٹر، گورنمنٹ و ریگولیٹری امور) کے ساتھ دستخط کیے گئے۔
انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 میں پالیسی سازوں، صنعت کے رہنماؤں اور ٹیکنالوجی ماہرین کو اکٹھا کیا گیا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت کے مستقبل اور جدت طرازی و معاشی ترقی میں اس کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔