نئی دہلی
جموں و کشمیر میں ہونے والے پہلگام دہشت گردانہ حملے کو جمعرات کے روز ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ اس حملے میں 26 سیاحوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس برسی کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔
ایکس پر وزیرِ اعظم نے لکھا کہ آج ان معصوم جانوں کو یاد کر رہا ہوں جنہوں نے پہلگام کے دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوائیں۔ انہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ میری گہری ہمدردیاں ہیں۔ ایک قوم کے طور پر ہم ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف متحد کھڑے ہیں۔ ہم اپنے اس عزم کو دہراتے ہیں کہ ہندوستان کبھی بھی دہشت گردی کے سامنے نہیں جھکے گا اور دہشت گردوں کے منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
پہلگام حملے کی ایک سالہ برسی پر ہندوستانی فوج نے بھی بغیر نام لیے پاکستان کو سخت پیغام دیا ہے۔ کہا گیا کہ ہندوستان کے خلاف کیے گئے ہر عمل کا جواب ضرور دیا جائے گا اور انصاف ضرور ہوگا۔ ہندوستانی فوج نے ایک پوسٹر بھی جاری کیا جس پر لکھا تھا: “آپریشن سندور جاری ہے۔
آپریشن سیندور کیا تھا؟
گزشتہ سال 22 اپریل کو پہلگام کی بیسرن وادی میں پاکستان حمایت یافتہ دہشت گردوں نے ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں 26 ہندوستانی سیاحوں کو مذہب پوچھ کر قتل کیا گیا۔ اس بزدلانہ کارروائی کا جواب ہندوستانی فوج نے “آپریشن سندور” کے ذریعے دیا تھا۔ 6 اور 7 مئی کی رات کو فضائیہ نے پاکستان اور پی او کے میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔
ہندوستان نے فضا اور زمین، دونوں محاذوں پر کارروائی کی۔ تین دن تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے دوران ہندوستانی فضائی طاقت اور تینوں افواج کے بہترین تال میل کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ پاکستان کی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے بعد پاکستان کے ڈی جی ایم او نے ہندوستانی فوج سے رابطہ کر کے جنگ بندی کی درخواست کی۔