ہندوستان تب ترقی کرے گا جب مسلمان مضبوط ہوں گے: اویسی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-02-2026
ہندوستان تب ترقی کرے گا جب مسلمان مضبوط ہوں گے: اویسی
ہندوستان تب ترقی کرے گا جب مسلمان مضبوط ہوں گے: اویسی

 



نئی دہلی
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکنِ پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بدھ کے روز حکومت پر ’’مسلمانوں سے نفرت‘‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان اسی وقت ممکن ہے جب مسلم برادری تعلیمی اور دیگر شعبوں میں مضبوط ہوگی۔
لوک سبھا میں بجٹ پر بحث کے دوران اویسی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملک میں ابتدائی تعلیم سے لے کر اعلیٰ تعلیمی اداروں تک مسلم بچوں کے داخلوں میں کمی آئی ہے اور مسلمانوں میں تعلیم چھوڑنے کی شرح بھی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے دور میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے گزشتہ پانچ برسوں سے اقلیتوں کے لیے تین اسکالرشپ اسکیموں کو منظوری نہیں دی ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے رکنِ پارلیمنٹ نے کہا كہ ایسا اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ مودی حکومت مسلمانوں سے نفرت کرتی ہے۔
اویسی نے کہا کہ حکومت 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کی بات کرتی ہے اور بجٹ میں بھی اس کا ذکر ہے، لیکن ترقی یافتہ ہندوستان تبھی بنے گا جب مسلمان بھی تعلیمی طور پر مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے بجٹ میں وزارتِ اقلیتی امور کے لیے مختص رقم بڑھا کر 10 ہزار کروڑ روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔ اویسی نے اگنی پتھ اسکیم کا جائزہ لینے اور چین سے متعلق امور پر ایوان میں بحث کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے دہشت گردوں حافظ سعید، مسعود اظہر اور ذکی الرحمان لکھوی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ’’آپریشن انصاف‘‘ چلانا چاہیے اور (پاکستان میں) داخل ہو کر ان دہشت گردوں کو گرفتار کر کے لانا چاہیے۔ بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے آر ایس پی پارٹی کے این کے پریم چندرن نے کہا کہ اس بجٹ میں کوئی دوراندیشی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں حکومت نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا ہدف رکھا ہے، لیکن اس مقصد کے حصول کے لیے پیش کی گئی تجاویز ناکافی ہیں۔ پریم چندرن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دوسرے ممالک سے آنے والے کچے کاجو پر درآمدی ڈیوٹی ختم کی جائے۔
لداخ سے آزاد رکنِ پارلیمنٹ محمد حنیفہ نے مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں صحت کے ڈھانچے اور رابطہ کاری کے لیے زیادہ بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ مغربی بنگال کے جلپائی گڑی پارلیمانی حلقے سے بی جے پی کے رکن جینت رائے نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت مرکز کی کئی اسکیموں کو نافذ نہیں کر رہی، جس کی وجہ سے ریاست کی عوام ان کے فوائد سے محروم ہیں۔
ہندوستان آدیواسی پارٹی کے راج کمار روت نے الزام لگایا کہ بجٹ میں قبائلیوں، دلتوں، پسماندہ طبقات، کسانوں اور مزدور طبقے کے مفادات کا خاص خیال نہیں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں تعلیمی نظام کی حالت خراب ہے اور مرکز اور ریاست ایک دوسرے پر اس کی ذمہ داری ڈال رہے ہیں۔