ہندوستان- امریکہ کے درمیان 8000 کروڑ روپے کا دفاعی معاہدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-11-2025
ہندوستان- امریکہ کے درمیان 8000 کروڑ روپے کا دفاعی معاہدہ
ہندوستان- امریکہ کے درمیان 8000 کروڑ روپے کا دفاعی معاہدہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے اگلے ہفتے ہندوستان کے دورے پر آنے سے پہلے ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ ایک بڑا معاہدہ کیا ہے۔ ہندوستان نے اپنی بحریہ کے 24 سی ہاک ہیلی کاپٹروں کے بیڑے کے لیے 5 سالہ فالو آن سپورٹ یعنی مسلسل تعاون کے مقصد سے امریکہ کے ساتھ تقریباً 8 ہزار کروڑ روپے کی ڈیل کی ہے۔ یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستانی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف لگا دیا تھا۔
سی ہاک ہیلی کاپٹر
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ اس نے ایم ایچ-60آر ہیلی کاپٹر بیڑے کے سلسلے میں امریکہ کے ساتھ تقریباً 7,995 کروڑ روپے کے لیٹر آف آفر اینڈ ایکسیپٹینس پر دستخط کیے ہیں۔ لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے تیار یہ ہیلی کاپٹر ہر موسم میں قابلِ استعمال ہیں۔ فروی 2020 میں، ہندوستان نے 24 ایم ایچ-60آر ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے لیے امریکہ سے معاہدہ کیا تھا۔ ایم ایچ-60آر سی ہاک دراصل بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا بحری ماڈل ہے۔
پہلی کھیپ کی آمد
وزارت کے مطابق فالو آن سپورٹ ایک جامع پیکیج ہے جس میں پرزے، معاون سامان، تکنیکی مدد، تربیت اور مرمت جیسے انتظامات شامل ہیں۔ اس سے ہندوستان کی طویل مدتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور امریکہ پر انحصار کم ہوگا، جو "آتم نربھر ہندوستان" کے اصول کو مضبوط کرے گا۔
وزارت نے کہا کہ معاہدے سے ملک کی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں اور دیگر ہندوستانی کمپنیوں کو بھی فائدہ ملے گا۔ سسٹینمنٹ سپورٹ سے ایم ایچ-60آر ہیلی کاپٹروں کی عملی دستیابی اور دیکھ بھال کی کیفیت میں بہتری آئے گی، جن میں آبدوز مخالف جنگی صلاحیت بھی موجود ہے۔ پہلے 3 ایم ایچ-60آر ہیلی کاپٹر 2021 میں ہی ہندوستان کو مل چکے ہیں۔