کوالا لمپور/ آواز دی وائس
	وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ اور امریکہ کے سیکریٹری آف وار پیٹ ہیگسیتھ کی ملاقات کوالا لمپور میں ہوئی، جہاں دونوں ممالک نے دس سالہ دفاعی فریم ورک معاہدے کو باضابطہ طور پر منظور کیا۔ یہ قدم ہندوستان۔امریکہ کے اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
	یہ معاہدہ دونوں ممالک کے سینئر حکام کی موجودگی میں طے پایا، جس کے تحت انڈو۔پیسفک خطے میں عسکری تعاون، صلاحیت میں اضافہ، اور مشترکہ منصوبوں کے لیے ایک طویل المدتی روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے اس معاہدے کو دونوں ممالک کے باہمی دفاعی تعلقات میں ایک "نئے باب" کا آغاز قرار دیا۔
	راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم تین بار فون پر بات کر چکے ہیں، اور آج  اے ڈی ایم ایم -پلس کے موقع پر آپ سے بالمشافہ ملاقات کر کے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر میرا یقین ہے کہ دفاعی فریم ورک پر دستخط کے ساتھ آج ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ہندوستان۔امریکہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ہیگسیتھ نے شراکت داری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اس معاہدے کو نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات کی تاریخ کا ایک اہم موڑ قرار دیا۔
	انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ دفاع سنگھ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اس شراکت داری کے لیے جو ہمیں ہندوستان کے ساتھ حاصل ہے۔ یہ دنیا میں امریکہ کے سب سے اہم تعلقات میں سے ایک ہے۔ ہمارا اسٹریٹجک تعاون باہمی مفادات، اعتماد، اور ایک محفوظ و خوشحال انڈو۔پیسفک خطے کے عزم پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ 10 سالہ امریکہ۔ہندوستان دفاعی فریم ورک نہایت پرعزم ہے۔ یہ ہماری دونوں افواج کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، جو مزید گہرے اور بامعنی تعاون کی سمت رہنمائی کرے گا۔ یہ امریکہ کے طویل المدتی عزم کی علامت ہے جو ہماری مشترکہ سلامتی اور مضبوط شراکت داری کو ظاہر کرتا ہے۔
	ملاقات کے بعد راجناتھ سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا کہ یہ دفاعی فریم ورک ہندوستان۔امریکہ دفاعی تعلقات کے پورے دائرے کے لیے پالیسی سمت فراہم کرے گا۔ یہ ہمارے بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک ہم آہنگی کا مظہر ہے اور شراکت داری کے ایک نئے عشرے کا آغاز کرے گا۔
	یہ ملاقات آسیان دفاعی وزراء کی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جہاں راجناتھ سنگھ ہندوستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے ملائیشیا کے دورے میں وزیرِ دفاع خالد نوردین کے ساتھ بات چیت اور علاقائی امن و انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اجلاسوں میں شرکت بھی شامل ہے۔
	فی الحال، ہندوستان اور ملائیشیا 2024 سے 2027 تک کے لیے "ایکسپرٹس ورکنگ گروپ آن کاؤنٹر ٹیررزم" کے مشترکہ چیئرمین ہیں، جو انڈو۔پیسفک خطے میں استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں نئی دہلی کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔