بھونیشور
ہندوستان نے 8 مئی 2026 کو اوڈیشہ کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرہ سے ایم آئی آر وی (ملٹی پل انڈیپینڈنٹلی ٹارگیٹڈ ری انٹری وہیکل) نظام سے لیس جدید اگنی میزائل کا کامیاب تجرباتی پرواز کیا۔میزائل کا تجربہ متعدد پے لوڈز کے ساتھ کیا گیا، جنہیں بحرِ ہند کے وسیع جغرافیائی خطے میں مختلف اہداف پر نشانہ بنایا گیا تھا۔
ڈی آر ڈی او نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایم آئی آر وی نظام سے لیس جدید اگنی میزائل کا 8 مئی 2026 کو اوڈیشہ کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے کامیاب تجربہ کیا گیا۔ میزائل کو مختلف پے لوڈز کے ساتھ آزمایا گیا، جنہیں بحرِ ہند کے وسیع جغرافیائی علاقے میں الگ الگ اہداف کی جانب بھیجا گیا۔
میزائل کی نگرانی اور ٹیلی میٹری متعدد زمینی اور بحری اسٹیشنوں کے ذریعے کی گئی۔ ان نظاموں نے میزائل کے پورے سفر کو لانچ سے لے کر تمام پے لوڈز کے ہدف تک پہنچنے تک ٹریک کیا۔ پرواز کے اعداد و شمار سے تصدیق ہوئی کہ تجربے کے دوران تمام مشن مقاصد کامیابی سے حاصل کر لیے گئے۔
اس کامیاب تجربے کے ساتھ ہندوستان نے ایک بار پھر ایک ہی میزائل نظام کے ذریعے متعدد تزویراتی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔یہ میزائل ڈی آر ڈی او کی تجربہ گاہوں نے ملک بھر کی مختلف صنعتوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ اس تجربے کا مشاہدہ ڈی آر ڈی او کے سینئر سائنس دانوں اور ہندوستانی فوج کے اہلکاروں نے کیا۔
راجناتھ سنگھ نے اس کامیاب تجرباتی پرواز پر ڈی آر ڈی او، ہندوستانی فوج اور صنعتوں کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ملک کی دفاعی تیاریوں میں ایک غیر معمولی صلاحیت کا اضافہ کرے گی۔