ڈھاکہ:ہندوستان نے باضابطہ طور پر تشویش کا اظہار نہیں کیا ہے لیکن بنگلہ دیش میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی جانب نکالی جانے والی ہندوستان مخالف ریلی کے معاملے پر اپنے اقدامات کے ذریعے اشارہ دیا ہے۔
موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ڈھاکہ میں واقع ہندوستانی ویزا درخواست مرکز بدھ کے روز اپنے معمول کے وقت سے پہلے بند کر دیا جائے گا۔ویزا درخواست مرکز نے اپنی ویب سائٹ پر جاری اطلاع میں کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے مدنظر آج ویزا درخواست مرکز جمنہ فیوچر پارک ڈھاکہ دو pm پر بند کر دیا جائے گا۔
آج جن درخواست گزاروں کی درخواست جمع کرانے کی تاریخ مقرر تھی ان کی اپائنٹمنٹ بعد کی تاریخ کے لئے دوبارہ طے کی جائے گی۔ڈھاکہ کے جمنہ فیوچر پارک میں واقع یہ ویزا درخواست مرکز دارالحکومت میں ہندوستانی ویزا خدمات کا مرکزی اور مربوط مرکز ہے۔
سخت گیر گروپ جولائی اوئیکیو بدھ کے روز ہندوستانی ہائی کمیشن کی جانب مارچ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کرے گا۔ اس پروگرام میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور سابق وزیر داخلہ اسد الزمان خان کمال کی واپسی کا مطالبہ کیا جائے گا جنہیں سن 2024 کی جولائی بغاوت کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔یہ پروگرام بدھ کے روز 3 pm منعقد ہونے والا ہے۔
ادھر ہندوستان کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ریاض حمید اللہ کو طلب کیا۔ یہ اقدام ڈھاکہ میں ہندوستانی ہائی کمیشن کی سکیورٹی سے متعلق خدشات اور موصول ہونے والی دھمکی کے بعد کیا گیا۔
یہ طلبی نیشنل سٹیزن پارٹی کے رہنما حسنت عبداللہ کے ہندوستان مخالف بیانات کے بعد عمل میں آئی۔ انہوں نے ایک عوامی تقریر میں بنگلہ دیش کے عدم استحکام کی صورت میں سیون سسٹرز کو الگ تھلگ کرنے اور شمال مشرقی علیحدگی پسندوں کو پناہ دینے کی دھمکی دی تھی۔ حسنت عبداللہ اپنے سخت ہندوستان مخالف موقف کے لئے جانے جاتے ہیں۔