ہندوستان اے آئی میں مستقبل کی صلاحیت دیکھتا ہے: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-02-2026
ہندوستان اے آئی میں مستقبل کی صلاحیت دیکھتا ہے: مودی
ہندوستان اے آئی میں مستقبل کی صلاحیت دیکھتا ہے: مودی

 



نئی دہلی
وزیرِاعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) تک سب کی رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور اسے شمولیت اور بااختیار بنانے کے ایک مؤثر ذریعے کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے، تاکہ انسان محض ایک ’ڈیٹا پوائنٹ‘ یا خام مال بن کر نہ رہ جائے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ہندوستان کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت دنیا کی بھلائی کے لیے تبھی حقیقی طور پر کارآمد ثابت ہوگی جب اسے سب کے ساتھ شیئر کیا جائے اور اس کے کوڈز عوامی ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک اے آئی سے ڈرتا نہیں بلکہ اس میں مستقبل کے امکانات دیکھتا ہے۔
انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا كہ ہمیں اے آئی کو کھلا آسمان دینا ہے، لیکن لگام اپنے ہاتھ میں رکھنی ہے۔ اس سمٹ میں سرِفہرست کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) اور دنیا بھر کے کئی رہنماؤں نے شرکت کی۔وزیرِاعظم نے کہا كہ اے آئی ہمارے نظاموں کو زیادہ اسمارٹ، زیادہ مؤثر اور زیادہ کارآمد بنائے گی۔ یہ لوگوں کے لیے تخلیقی کردار اپنانے کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔ یہ جدت، کاروبار اور نئے صنعتی شعبوں کے قیام کا ایک بڑا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ کچھ ممالک کا خیال ہے کہ اے آئی کو خفیہ اور بند طریقے سے تیار کیا جانا چاہیے، لیکن ہندوستان مختلف سوچ رکھتا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ اے آئی دنیا کے مفاد میں تبھی کام کرے گی جب اسے بانٹا جائے اور اس کے کوڈ عوامی ہوں۔ تبھی لاکھوں نوجوان ذہن اسے مزید بہتر بنا سکیں گے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ آج دنیا میں دو طرح کے لوگ ہیں۔ ایک وہ جو اے آئی میں خوف دیکھتے ہیں، اور دوسرے وہ جو اے آئی میں خوشحالی دیکھتے ہیں۔
 انہوں نے کہا كہ میں فخر اور ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ ہمیں اس میں خوف نظر نہیں آتا۔ ہندوستان اے آئی میں خوشحالی، مستقبل اور مواقع دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ایسے ملک میں ہو رہی ہے جو انسانیت کے چھٹے حصے کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی موجود ہے اور جو ٹیکنالوجی کے شعبے میں صلاحیتوں کے سب سے بڑے ذخیرے کا مرکز ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا كہ مصنوعی ذہانت انسانی تاریخ کا ایک انقلابی باب ہے۔ ہندوستان اے آئی انقلاب کا صرف حصہ نہیں، بلکہ اس کی قیادت بھی کر رہا ہے اور اسے شکل بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نہ صرف ٹیکنالوجی بناتا ہے بلکہ اسے غیر معمولی رفتار سے اپناتا بھی ہے۔ انہوں نے کہا كہ نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں کچھ لوگوں کو شکوک ہوتے ہیں، لیکن نوجوان نسل جس انداز میں اے آئی کو اپنا رہی ہے وہ بے مثال ہے۔ اے آئی سمٹ کی نمائش کو لے کر بھی یہاں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ انسانی تاریخ میں ایسے اہم موڑ آئے ہیں جنہوں نے صدیوں کی سمت متعین کی۔
بھارت منڈپم میں منعقدہ اس سمٹ میں دنیا بھر کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا، سری لنکا کے صدر انورا کمارا دیسانائیکے اور بھوٹان کے وزیرِاعظم شیرنگ توگبے شامل ہیں۔