نئی دہلی: ہندوستان میں فلسطین کے سفیر عبداللہ ایم ابو شاوَش نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر ہندوستان کا مؤقف ہمیشہ مستقل اور واضح رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کی حمایت اور فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کو مسلسل مالی تعاون فراہم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی قانون دونوں کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دو ریاستی حل کے بارے میں ہندوستان کا مؤقف ہمیشہ غیر متزلزل رہا ہے اور نئی دہلی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین سے متعلق پیش کی جانے والی قراردادوں کی مسلسل حمایت کرتا آیا ہے۔
عبداللہ ابو شاوَش نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے بلکہ اقوام متحدہ میں فلسطین سے متعلق ہر سال منظور ہونے والی تقریباً 12 سے 14 قراردادوں کی بھی تائید کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی موجودہ صورتحال کا واحد قابل عمل راستہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ ہندوستان آئندہ بھی اسی مؤقف پر قائم رہے گا۔
فلسطینی سفیر نے فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کو ہندوستان کی جانب سے مسلسل مالی تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک نے اس ادارے کی مالی امداد کم یا بند کر دی ہے جبکہ امریکہ نے مکمل طور پر اپنی امداد روک دی ہے۔ ان کے مطابق بعض حلقے اس ادارے کو کمزور کرنے یا ختم کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی مالی معاونت صرف ایک مالی اقدام نہیں بلکہ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ نئی دہلی فلسطینی عوام کے حقوق۔ ان کی واپسی کے حق اور بین الاقوامی قانون کی حمایت کے لیے پختہ عزم رکھتا ہے۔
عبداللہ ابو شاوَش نے کہا کہ فلسطینی قیادت ہندوستان کے اس فیصلے کو صرف مالی تعاون نہیں بلکہ ایک اہم سیاسی پیغام بھی سمجھتی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان بین الاقوامی قانون کے ساتھ کھڑا ہے۔
ادھر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے ہندوستان کی امیدواری کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ ہندوستان کو ابھرتے ہوئے بڑے عطیہ دہندگان میں شمار کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برسلز میں فلسطین امدادی گروپ کے اجلاس میں ہندوستان نے فلسطین میں ایک خصوصی اسپتال۔ مصنوعی اعضا کی تنصیب کے مرکز اور ایک پیشہ ورانہ تربیتی ادارہ قائم کرنے کے لیے اضافی تعاون کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام دو ریاستی حل کے لیے ہندوستان کی دیرینہ حمایت کے مطابق ہے۔
دریں اثنا ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے کے پرامن اور مذاکراتی حل کا حامی ہے۔
برسلز میں منعقدہ فلسطین امدادی گروپ کے وزارتی اجلاس میں وزارت خارجہ کی سیکریٹری سری پریہ رنگناتھن نے کہا کہ ہندوستان طویل عرصے سے فلسطینی عوام کا شراکت دار رہا ہے اور وہ دو ریاستی حل اور فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان کا مؤقف یہ ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر اسرائیل اور فلسطین دو آزاد ریاستوں کی حیثیت سے امن اور سلامتی کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور یہی اس تنازعے کا پائیدار حل ہے۔