بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں پر ہندوستان کا ردعمل

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-12-2025
بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں پر  ہندوستان کا ردعمل
بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملوں پر ہندوستان کا ردعمل

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزارتِ خارجہ نے جمعہ کے روز بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف حالیہ تشدد پر سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ وزارت نے خبردار کیا کہ ان واقعات کو محض “میڈیا کی بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی خبریں” یا سیاسی تشدد قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بنگلہ دیش میں حالیہ واقعات پر ردِعمل دیتے ہوئے وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں انہوں نے بنگلہ دیش میں پھیلائی جا رہی جھوٹی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے متعدد بیانات جاری کیے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وہ بنگلہ دیش میں پیش آنے والی حالیہ صورتحال سے پوری طرح واقف ہیں اور حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش میں ہندو، عیسائی اور بدھ مت سے تعلق رکھنے والی اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندوں کی جانب سے جاری تشدد انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے میمن سنگھ میں حال ہی میں ایک ہندو نوجوان امریت منڈل کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی اور امید ظاہر کی کہ اس جرم کے ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عبوری حکومت کے دوران آزاد ذرائع نے اقلیتوں کے خلاف 2,900 سے زائد پرتشدد واقعات درج کیے ہیں، جن میں قتل، آتش زنی اور زمین پر قبضے کے معاملات شامل ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ان واقعات کو صرف میڈیا کی مبالغہ آرائی یا سیاسی تشدد کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بنگلہ دیش کے راجباڑی ضلع میں منڈل نامی ایک اور شخص کی پیٹ پیٹ کر ہلاکت کے ایک دن بعد، یونس کی قیادت والی عبوری حکومت نے کہا کہ یہ واقعہ فرقہ وارانہ تشدد سے متعلق نہیں ہے۔ حکومت کے مطابق مقتول منڈل پر کئی سنگین مجرمانہ مقدمات درج تھے۔
بنگلہ دیش حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے قتل کے معاملے پر سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی “گمراہ کن معلومات” کا نوٹس لیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستان بنگلہ دیش میں آزاد اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی این پی رہنما طارق رحمان کی 17 برس بعد واپسی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔