نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کی تازہ ترین گلوبل تپِ دق رپورٹ 2025 اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ ہندوستان نے 2015 کے بعد سے ٹی بی کے کیسز میں "قابلِ تعریف کمی" درج کی ہے، اور یہ "دنیا میں کسی بھی ملک میں دیکھے جانے والی سب سے تیز کمیوں میں سے ایک" ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ "ہندوستان کی ٹی بی کے خلاف جدوجہد غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے"۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2015 کے بعد سے ہندوستان میں ٹی بی کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جو عالمی شرحِ کمی سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔
اپنے پیغام میں مودی نے لکھا کہ یہ دنیا بھر میں دیکھی گئی سب سے تیز کمیوں میں سے ایک ہے۔ اتنا ہی خوش آئند علاج کے دائرے میں اضافہ، ’لاپتہ کیسز‘ میں کمی، اور علاج میں کامیابی کی شرح کا مسلسل بڑھنا بھی ہے۔ میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اس کامیابی کے لیے محنت کی۔ ہم ایک صحت مند اور مضبوط ہندوستان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں!۔
وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری سرکاری بیان کے مطابق، عالمی ادارۂ صحت کی گلوبل ٹی بی رپورٹ 2025 میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں ٹی بی کے نئے کیسز (ہر سال سامنے آنے والے) میں 21 فیصد کمی آئی ہے — جو 2015 میں 237 فی ایک لاکھ آبادی سے کم ہو کر 2024 میں 187 فی ایک لاکھ رہ گئی ہے۔ یہ شرح عالمی سطح پر ہونے والی 12 فیصد کمی کے مقابلے میں تقریباً دو گنا تیز ہے۔
یہ کمی دنیا بھر میں ٹی بی کے واقعات میں درج ہونے والی سب سے زیادہ کمیوں میں سے ایک ہے، جو دیگر زیادہ متاثرہ ممالک سے بھی آگے ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے جدید اور فعال کیس تلاش کرنے کے نظام، نئی ٹیکنالوجیوں کے تیز استعمال، خدمات کی غیرمرکزی تنظیم، اور بڑے پیمانے پر عوامی بیداری مہمات نے علاج کے دائرے کو 2015 کے 53 فیصد سے بڑھا کر 2024 میں 92 فیصد تک پہنچا دیا ہے۔
سال 2024 میں 26.18 لاکھ ٹی بی مریضوں کی تشخیص کی گئی، جب کہ اندازے کے مطابق کل 27 لاکھ کیسز سامنے آئے — جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان نے ٹی بی کے خاتمے کی سمت غیر معمولی پیش رفت کی ہے۔