ہندوستان کے ڈیٹا سینٹر میں تیزی سے 35 بلین ڈالر کے مواقع پیدا ہوں گے: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
ہندوستان کے ڈیٹا سینٹر میں تیزی سے 35 بلین ڈالر کے مواقع پیدا ہوں گے: رپورٹ
ہندوستان کے ڈیٹا سینٹر میں تیزی سے 35 بلین ڈالر کے مواقع پیدا ہوں گے: رپورٹ

 



نئی دہلی
عالمی بروکریج فرم نومورا کے مطابق ہندوستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیٹا سینٹر صنعت صنعتی آلات بنانے والی کمپنیوں کے لیے تقریباً 35 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری (کیپیکس) کا بڑا موقع پیدا کر سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں ڈیٹا سینٹر انڈسٹری غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہی ہے۔ ڈیٹا سینٹر آئی ٹی لوڈ 2019 میں تقریباً 350 میگاواٹ سے بڑھ کر 2025 میں 1.5 سے 1.6 گیگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جو تقریباً 29 فیصد سالانہ مرکب شرح نمو  کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ عالمی اوسط تقریباً 20 فیصد ہے۔
نومورا کے مطابق ڈیٹا سینٹر صنعت 2030 تک تقریباً 7 گیگاواٹ تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کی سالانہ شرح نمو 30 فیصد رہ سکتی ہے۔ اس تیزی سے بڑھتی ہوئی صلاحیت کے باعث صنعتی آلات تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے بڑے مواقع پیدا ہوں گے۔رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ 2030 تک تقریباً 5.1 گیگاواٹ اضافی صلاحیت کے قیام سے 35 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا موقع پیدا ہوگا، جس کا بڑا حصہ ان کمپنیوں کو ملے گا جو ڈیٹا سینٹرز کے لیے برقی، میکانیکل اور کولنگ سسٹمز فراہم کرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی ڈیٹا سینٹر صلاحیت میں ہندوستان کا حصہ 2019 میں تقریباً 1.5 فیصد تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 2 سے 3 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اعلان شدہ منصوبوں کی بنیاد پر آئندہ دس برسوں میں 15 گیگاواٹ سے زائد اضافی صلاحیت کے امکانات موجود ہیں۔نومورا نے کہا کہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت  کے بڑھتے استعمال اور تیز رفتار ڈیجیٹلائزیشن اس صنعت کی ترقی کے اہم محرکات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تعمیراتی لاگت کے اعتبار سے بھی ہندوستان عالمی سطح پر مسابقتی برتری رکھتا ہے۔ یہاں ڈیٹا سینٹر کی تعمیر پر تقریباً 6 سے 7 ملین امریکی ڈالر فی میگاواٹ خرچ آتا ہے، جبکہ ترقی یافتہ ایشیائی بحرالکاہل اور مغربی منڈیوں میں یہی لاگت 10 سے 18 ملین ڈالر فی میگاواٹ تک ہوتی ہے۔
مزید کہا گیا کہ اوپن ایکسس، قابلِ تجدید توانائی کے معاہدوں اور نجی پاور انتظامات کے ذریعے تقریباً 7 سے 8 سینٹ فی کلوواٹ گھنٹہ کے حساب سے بجلی کی دستیابی، ہندوستان کی آپریٹنگ لاگت کو مزید مسابقتی بناتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپلائی کے محاذ پر 15 گیگاواٹ سے زائد کے اعلان شدہ منصوبوں اور مضبوط طلب کے باعث صنعتی آلات تیار کرنے والی کمپنیوں کے لیے سازگار حالات پیدا ہو رہے ہیں۔نومورا کے مطابق سوئچ گیئر، ٹرانسفارمرز، جنریٹر سیٹس، یو پی ایس سسٹمز، کولنگ آلات اور ریک انفراسٹرکچر تیار کرنے والی کمپنیاں پائیدار پریمیم قیمتوں اور طویل المدتی آرڈرز سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سرمایہ کاروں کے لیے سب سے پرکشش مواقع صنعتی سپلائی چین میں موجود ہیں۔ اندازوں کے مطابق پانچ اہم مصنوعات کے شعبے، جن میں
درمیانے اور کم وولٹیج سوئچ گیئر اور ٹرانسفارمرز،
یو پی ایس اور بیٹری سسٹمز،
بیک اپ ڈیزل اور گیس جنریٹر سیٹس،
پریسیژن کولنگ اور لیکوئڈ کولنگ ڈسٹری بیوشن یونٹس،
ریک، بس وے اور اسٹرکچرڈ کیبلنگ انفراسٹرکچر،
شامل ہیں، جو مجموعی طور پر ایک ڈیٹا سینٹر کے 10 سے 22 ملین ڈالر فی میگاواٹ کے سرمایہ جاتی بجٹ کا تقریباً 60 سے 75 فیصد حصہ استعمال کرتے ہیں۔ماہرین کے مطابق ڈیٹا سینٹر صنعت کی تیز رفتار توسیع نہ صرف ڈیٹا سینٹر ڈویلپرز بلکہ پوری صنعتی سپلائی چین کے لیے بھی طویل المدتی ترقی اور سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کر رہی ہے۔