بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے آل ہند امام ایسوسی ایشن کے صدر مولانا محمد ساجد رشیدی کے اٹھارہ برس سے کم عمر لڑکیوں کی شادی سے متعلق بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستان آئین کے مطابق چلتا ہے نہ کہ شریعت کے مطابق۔
جھارکھنڈ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی رہنما بابولال مرانڈی نے کہا کہ جو لوگ ہندستانی آئین کے مطابق رہنا نہیں چاہتے انہیں ملک چھوڑ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا۔"جن لوگوں نے کہا تھا کہ ہندو اور مسلمان ایک ساتھ نہیں رہ سکتے انہوں نے پاکستان کا مطالبہ کیا اور ملک کی تقسیم ہوئی۔ وہ لوگ پاکستان چلے گئے۔ اگر مولانا ساجد رشیدی کو ہندستانی آئین کے مطابق یہاں رہنے میں دشواری ہے تو ایسے لوگوں کو پاکستان چلے جانا چاہیے۔ اگر ان کے پاس جانے کے لیے پیسے نہیں ہیں تو ہندستانی حکومت ان کا ٹکٹ بھی کروا دے گی۔ لیکن ہندستان میں صرف ہندستانی آئین ہی نافذ ہوگا اور ہر شہری کو اس پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔"
بی جے پی رہنما سید شہنواز حسین نے بھی مولانا رشیدی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے "انتہائی افسوسناک" قرار دیا۔
انہوں نے کہا۔"ان کا بیان بہت افسوسناک ہے۔ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ایسے بیانات دے کر وہ پوری برادری کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہیں اس قسم کی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے اور اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔"اسی طرح کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج لال نے کہا کہ ملک آئین کے مطابق چلتا ہے نہ کہ مذہبی قوانین کے مطابق۔انہوں نے کہا کہ "رشیدی صاحب سے کہہ دیجیے کہ یہ ملک آئین سے چلتا ہے شریعت سے نہیں اور یاد رکھیں کہ یہ کبھی بھی شریعت سے نہیں چلے گا۔ یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ لڑکیوں کی شادی کی عمر بڑھنے کی وجہ سے زیادتی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ پہلے جب دس برس کی عمر میں لڑکیوں کی شادیاں ہوتی تھیں تب بھی ان کے ساتھ زیادتیاں ہوتی تھیں۔ میں ان لوگوں کی مذمت کرتا ہوں جو ہر وقت شریعت شریعت کی بات کرتے ہیں۔ یہ ملک شریعت سے نہیں چلے گا۔"
آل ہند امام ایسوسی ایشن کے صدر مولانا محمد ساجد رشیدی نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ لڑکیوں کی شادی میں تاخیر ہندستان میں بڑھتے ہوئے جرائم خصوصاً عصمت دری کے واقعات کی ایک وجہ ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد سیاسی اور قانونی سطح پر شدید بحث چھڑ گئی۔
تنقید کے جواب میں مولانا رشیدی نے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا گیا اور اسے سیاسی رنگ دے دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان کا بیان "سماجی اصلاح" کے تناظر میں تھا نہ کہ کم عمری کی شادی کی حمایت میں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اٹھارہ برس سے کم عمر لڑکیوں کی شادی کی وکالت نہیں کی اور ان کے بیان کو سیاسی مقاصد کے لیے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔مولانا رشیدی نے مزید کہا کہ اسلام کے مطابق لڑکی کے بالغ ہونے کے بعد شادی کی اجازت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جھارکھنڈ آسام بہار تریپورہ مدھیہ پردیش اور راجستھان سمیت کئی ریاستوں میں آج بھی کم عمری کی شادیاں ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کا مقصد صرف معاشرے میں موجود مسائل کی نشاندہی کرنا تھا نہ کہ قانون کی خلاف ورزی کی حمایت کرنا۔
انہوں نے کہا۔"میں نے یہ بات موجودہ حالات کے تناظر میں کہی تھی جہاں ایسے قوانین بن سکتے ہیں جن کے تحت ایک عورت دوسری عورت سے یا ایک مرد دوسرے مرد سے شادی کر سکتا ہے اور ایک شادی شدہ عورت کسی دوسرے مرد کے ساتھ رہ سکتی ہے اور اس پر قانونی کارروائی نہیں ہوتی۔ ایسے ماحول میں اگر کوئی یہ کہے کہ لڑکی کی جلد شادی کر دی جائے تاکہ عصمت دری یا کسی ناخوشگوار واقعے کا خطرہ کم ہو تو اسے لازماً سیاسی مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔ لوگ میری بات کا غلط مطلب نکالتے ہیں۔ میرا صرف اتنا سوال ہے کہ اگر شریعت یا کسی دوسرے مذہب میں کوئی اچھی بات موجود ہے تو اسے اختیار کرنے میں کیا برائی ہے۔
میرے بیان کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے اور یہ وہی لوگ کر رہے ہیں جو قانون بھی بناتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر خود ہی اس کی خلاف ورزی بھی کرتے ہیں۔ یہ لوگ سماجی اصلاح نہیں چاہتے۔ میں نے معاشرتی اصلاح کے نقطۂ نظر سے بات کی تھی۔ اسلام کہتا ہے کہ لڑکی کے بالغ ہونے کے بعد اس کی شادی کر دی جائے۔ میں جھارکھنڈ آسام بہار تریپورہ مدھیہ پردیش اور راجستھان جیسی کئی ریاستوں کے نام لے سکتا ہوں جہاں آج بھی کم عمری کی شادیاں ہوتی ہیں۔ اکثر والدین غیر تعلیم یافتہ بیٹیوں کی کم عمری میں شادی کر دیتے ہیں۔ یہ سب کچھ معاشرے میں ہو رہا ہے۔ اسلام بھی یہی کہتا ہے کہ لڑکی بالغ ہونے کے بعد اس کی شادی کر دی جائے۔ آخر میں نے ایسی کون سی غلط بات کہہ دی کہ یہ سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا اور یہ کہا جانے لگا کہ رشیدی صاحب اٹھارہ برس سے کم عمر لڑکیوں کی شادی کی حمایت کر رہے ہیں۔ میں نے ایسا کبھی نہیں کہا۔"