نئی دہلی۔ ملک بھر کے شہروں میں کرسمس کے موقع پر روشنیوں گھنٹیوں اور ہاروں سے سجاوٹ کی گئی ہے اور لوگ تہوار کی خوشیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ بازاروں کی دکانوں کو سانتا کلاز کی سلیج گھنٹیوں رنگین سجاوٹ ہاروں چمکتے ستاروں اور کرسمس ٹری سے آراستہ کیا گیا ہے۔ پورا ملک مشترکہ خوشی اور تہوار کے جذبے سے سرشار ہے اور سب آنے والی تعطیلات کی تیاری میں مصروف ہیں۔
اس موقع پر دھرم شالہ کے سینٹ جان ان دی وائلڈرنیس چرچ میں لوگوں نے دعائیں کیں اور شمعیں روشن کیں۔ پادری وکٹر کھوجی نے کہا کہ شمعیں روشن کرنا اس پیغام کی علامت ہے کہ حضرت عیسیٰ دنیا کی روشنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمعیں روشن کر کے ہم یہ پیغام دیتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ دنیا کی روشنی ہیں اور خود حضرت عیسیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم بھی دنیا کی روشنی ہیں۔ بہت سے لوگ یقین رکھتے ہیں کہ یہاں تمام دعائیں قبول ہوتی ہیں۔
کرسمس کی شام ملک بھر کے مختلف گرجا گھروں میں عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ شملہ کے کرائسٹ چرچ رانچی کے سینٹ میری کیتھیڈرل چرچ اور ممبئی کے سینٹ مائیکل چرچ میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ممبئی کے چرچ آف آور لیڈی آف وکٹریز میں عقیدت مندوں نے بھجن اور کرسمس کیرول گائے۔
فادر کیلسٹس فرنانڈس نے کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار لوگوں میں خوشی پھیلاتا ہے اور انہیں یاد دلاتا ہے کہ قادر مطلق ان کے قریب ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عیسائیت کسی کو زبردستی مذہب اختیار کرنے پر مجبور نہیں کرتی اور جبری تبدیلی مذہب کا کوئی تصور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس سب کے لئے خوشیوں کا موسم ہے۔ کیرول گانا شمعیں روشن کرنا اور چاروں طرف کی تقریبات اس اندرونی خوشی کی نمائندگی کرتی ہیں جس سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ خدا ہمارے قریب ہے اور ہم اس کے مزید قریب ہو سکتے ہیں۔ یہی کرسمس کی خوبصورتی ہے۔ عیسائیت کسی کو قبول کرنے پر مجبور نہیں کرتی۔ انہوں نے سب کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
ادھر سری نگر کے ہولی فیملی کیتھولک چرچ اور جموں کے سینٹ میری گیریژن چرچ میں بھی کرسمس کی شام کے لئے تیاریاں مکمل کی گئیں۔ دہلی کے سینٹ تھامس چرچ کو بھی تہوار سے پہلے روشنیوں سے سجایا گیا۔ بنگلورو کے سینٹ میری باسیلیکا چرچ کو کرسمس کے موقع پر روشنیوں سے آراستہ کیا گیا اور لوگ حضرت عیسیٰ سے دعائیں کرنے کے لئے چرچ پہنچے۔ نوئیڈا میں کرسمس کی شام ایک چرچ میں دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا۔
سلی گڑی کے آور لیڈی کیتھولک چرچ اور وجئے واڑہ کے سینٹ پال کیتھیڈرل چرچ نے بھی کرسمس منانے کی تیاریاں کیں۔ کولکتہ کی مشہور پارک اسٹریٹ کو روشنیوں ستاروں اور کرسمس کے مناظر سے خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ تمل ناڈو میں سو سال پرانا سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل ویسلے چرچ اور نیلگیری ضلع کے سینٹ اسٹیفن چرچ کو روشنیوں سے آراستہ کیا گیا۔ مدورائی کے سینٹ میری کیتھیڈرل چرچ میں بھی کرسمس کی روشنیوں سے جگمگاہٹ نظر آئی۔
چنئی کے سانتھوم کیتھیڈرل باسیلیکا گواہاٹی کے کیتھولک کیتھیڈرل چرچ اور گوا کے لیڈی آف دی امیکولیٹ کنسیپشن چرچ میں آدھی رات کی عبادات ادا کی گئیں۔ سکندرآباد کے تاریخی سینٹ میری باسیلیکا میں بھی کرسمس کی شام بھجن اور کیرول گائے گئے اور کرسمس کا ماحول قائم کیا گیا۔
کرسمس ہر سال 25 دسمبر کو منایا جاتا ہے اور یہ خوشی مسرت اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ حضرت عیسیٰ کی پیدائش کی یاد مناتا ہے اور امن محبت اور ہم آہنگی کے پیغام کو اجاگر کرتا ہے۔ اس موقع پر خاندان اکٹھا ہو کر کھانے بانٹتے ہیں تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں کرسمس کیرول گاتے ہیں اور سرد موسم میں محبت اور اپنائیت پھیلاتے ہیں۔ گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں ادا کی جاتی ہیں جس سے ایمان اور امید کی فضا قائم ہوتی ہے۔ یہ تہوار دنیا بھر میں بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے اور عیسائیوں کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔