ہندوستان-نیپال نے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 17-10-2025
ہندوستان-نیپال نے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا
ہندوستان-نیپال نے دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
فوج کے سربراہ جنرل اُپندر دویویدی نے نیپال آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل پردیپ جنگ، اے سی او اے ایس سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کے امن مشن میں حصہ لینے والے ممالک کے فوجی سربراہان کی کانفرنس کے موقع پر نئی دہلی میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تربیت سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا اور دونوں پڑوسی ممالک کی افواج کے درمیان دیرینہ شراکت داری پر روشنی ڈالی۔
ہندوستانی فوج کے ایڈیجی پی آئی  نے سماجی پلیٹ فارم "ایکس" پر اس ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں منعقدہ یو این ٹی سی سی کے موقع پر جنرل اُپندر دویویدی، چیف آف آرمی اسٹاف، نے نیپال آرمی کے لیفٹیننٹ جنرل پردیپ جنگ سے دو طرفہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے، مشترکہ تربیتی اقدامات کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی مذاکرات کے تسلسل اور ادارہ جاتی تبادلے کے عزم کا اعادہ کیا، جو دونوں پڑوسی افواج کے درمیان دیرپا رشتے اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور نیپال کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبے میں طویل عرصے سے باہمی مفاد پر مبنی مضبوط تعاون قائم ہے۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعتماد اور احترام پر مبنی بہترین اور ہم آہنگ تعلقات موجود ہیں۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب نئی دہلی میں 14 سے 16 اکتوبر 2025 تک یو این ٹی سی سی چیف کانکلیو کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا کے 30 سے زائد ممالک کی اعلیٰ فوجی قیادت نے شرکت کی۔
ہندوستان کی میزبانی میں منعقدہ اس کانفرنس میں مختلف ممالک کے فوجی رہنماؤں نے عالمی سلامتی کے بدلتے ہوئے پیچیدہ حالات پر گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح ممالک باہمی تعاون کو مضبوط بنا کر عالمی امن کے عظیم مقصد کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان دنیا کے ’قوانین پر مبنی نظم‘  کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، چاہے کچھ ممالک بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی اور کمزوری پیدا کر رہے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے ممالک اس حقیقت کو سمجھ چکے ہیں کہ ترقی، خوشحالی اور امن لازم و ملزوم ہیں۔ ہندوستان اقوام متحدہ کے چارٹر کا بانی دستخط کنندہ رہا ہے، جو ہمارے فلسفہ ’وسودھیو کٹمبکم‘ کی عکاسی کرتا ہے ۔ یعنی پوری دنیا ایک خاندان ہے۔
منگل کے روز، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل دویویدی نے کہا کہ ہندوستان میں اس بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرنا نہ صرف ہمارے لیے اعزاز ہے بلکہ عالمی امن کے اعلیٰ مقصد کے فروغ کے لیے ہمارے عزم کی توثیق بھی ہے۔ یہ ہندوستانی تہذیب کے اس نظریے کی عکاسی کرتا ہے جسے ’وسودھیو کٹمبکم‘ کہا جاتا ہے — یعنی دنیا ایک خاندان ہے اور ’وشو بندھو‘ کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ہندوستان سب کا دوست ہے۔