بھارت میں اسٹیل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اسکریپ کی فراہمی کا فقدان ہے: سابق اسٹیل سیکریٹری
نئی دہلی
ہندوستان میں بڑے پیمانے پر گرین اسٹیل کی پیداوار کے لیے اسکریپ کی مناسب دستیابی نہیں ہے، اور اس وقت ملک کی اسٹیل طلب کا صرف تقریباً 25 فیصد حصہ ہی اسکریپ پر مبنی پیداوار سے پورا ہو رہا ہے۔ یہ بات سابق اسٹیل سکریٹری اور جندل اسٹیل اینڈ پاور کے ڈائریکٹر سنجے کمار سنگھ نے کہی۔
پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قومی اجلاس ’’میٹلز اور منرلز کے لیے خام مال کے تحفظ: خود انحصاری، مضبوطی اور وسائل کی سلامتی کو آگے بڑھانا‘‘ کے موقع پر اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ہمارے ملک میں اسکریپ موجود نہیں ہے۔ ملک میں جتنا اسٹیل استعمال ہو رہا ہے، اس کا صرف 25 فیصد ہی اسکریپ سے تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے ہمیں آئرن اور پر انحصار کرنا پڑتا ہے، اور آئرن اور سے اسٹیل بنانے کے لیے بلاسٹ فرنس کا استعمال لازمی ہو جاتا ہے۔ یہی گرین اسٹیل کے راستے میں ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیل سیکٹر کو دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں خام مال کی دستیابی اور ڈی کاربونائزیشن شامل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ ملک میں آئرن اور کا معیار تیزی سے گرتا جا رہا ہے۔سنگھ نے کہا کہ یہ میٹل انڈسٹری کے لیے نہایت اہم معاملہ ہے۔ خام مال کی دستیابی اور اس کے معیار میں سال بہ سال کمی آ رہی ہے۔ اسٹیل انڈسٹری کو آئرن اور، کوکنگ کول اور دیگر دھاتوں کی ضرورت ہوتی ہے جو الائے کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔
ان کے مطابق کم معیار کے آئرن اور کی وجہ سے ماحولیاتی لاگت بڑھ جاتی ہے، کیونکہ اسٹیل تیار کرنے میں زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے، جس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بھی بڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اور ایک دوسرا چیلنج، جو خام مال کی دستیابی سے بھی بڑا ہے، وہ پائیداری اور ڈی کاربونائزیشن ہے۔ جب معیار کم ہوتا ہے تو ماحولیاتی لاگت بڑھ جاتی ہے۔ زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے اور زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے۔گرین اسٹیل کی پیداوار کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ملک میں اس حوالے سے پائلٹ پروجیکٹس جاری ہیں، لیکن مکمل طور پر گرین تجارتی اسٹیل کی پیداوار اب بھی مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیل ایک ایسی شے ہے جسے مکمل طور پر گرین نہیں بنایا جا سکتا۔ کچھ نہ کچھ اخراج تو ہوگا ہی۔ جب تک ہم قابلِ تجدید توانائی، اسکریپ اور الیکٹرک آرک فرنس کا استعمال نہیں کریں گے، تب تک اخراج میں نمایاں کمی ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان طریقوں سے موجودہ سطح کے مقابلے میں تقریباً 80 فیصد تک اخراج کم کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے سنگھ نے نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن، قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دینے کی پالیسی اور مجوزہ گرین اسٹیل مشن کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ سسٹم (CCTS) کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مستقبل میں اسٹیل جیسے زیادہ کاربن خارج کرنے والے شعبوں میں اخراج کم کرنے کا بڑا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو کمپنیاں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کریں گی، انہیں کریڈٹ ملے گا، جبکہ زیادہ اخراج کرنے والوں کو مستقبل میں یہ کریڈٹس خریدنے پڑیں گے۔ فی الحال یہ رضاکارانہ نظام ہے، لیکن وقت کے ساتھ یہ لازمی بن جائے گا۔
ملکی اسٹیل انڈسٹری کے بارے میں سنگھ نے کہا کہ ہندوستان میں خام اسٹیل کی پیداوار تقریباً 168 سے 169 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے اور اس میں سالانہ تقریباً 8 سے 9 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی رفتار سے اسٹیل کی کھپت بھی بڑھ رہی ہے۔