نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان امن کے حق میں ہے لیکن کمزور نہیں اور اگر کسی نے ہماری طرف آنکھ اٹھاکر دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا اتوار کو ہریانہ کے جھجر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے زور دیکر کہا "قومی مفاد کا تحفظ حکومت کی بنیادی توجہ ہے اور ملک کو مستقبل کے چیلنجوں سے بچانے کے لئے فوج کو جدید ترین اور مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں اور آلات سے لیس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ مسلح افواج ہندستان پر بری نظر ڈالنے والے کسی کو بھی منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح لیس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب کمزور ملک نہیں رہا۔ ہم امن پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر کسی نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم منہ توڑ جواب دیں گے۔
ہمارے جوانوں نے اسے بار بار ثابت کیا ہے۔ 2016 کے سرجیکل اسٹرائیک، 2019 کی بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک اور وادی گلوان کے واقعہ کے دوران ہمارے فوجیوں نے جو بہادری دکھائی ہے وہ ہماری مہارت اور تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ہندوستان کی عالمی امیج کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ دنیا اب ہندوستان کی بات کو بے تابی سے سنتی ہے۔ حکومت کی کوششوں کی بدولت ہندوستان اب دنیا کی پہلی پانچ معیشتوں میں شامل ہو گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں ملک کا شمار پہلی تین بڑی معیشتوں میں ہو گا