نوئیڈا
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے جنگ جاری ہے اور ہندوستان اپنے شہریوں کے اعتماد کے ساتھ اس بحران کا پوری طاقت سے مقابلہ کر رہا ہے۔مودی نے عالمی بحران کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ میں ریاست اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسے بحران کے وقت ایسی باتوں سے پرہیز کریں جو ملک کے لیے نقصان دہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہندوستان اور ہندوستانیوں کے مفاد میں ہے، وہی حکومتِ ہند کی پالیسی اور حکمتِ عملی ہے۔ سیاست کے لیے غلط بیانات دینے والے شاید وقتی فائدہ حاصل کر لیں، لیکن ملک کو نقصان پہنچانے والی حرکتوں کو عوام کبھی معاف نہیں کرتی۔ وزیرِ اعظم نے تقریباً 11,200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پہلے مرحلے اور کارگو ہب کا افتتاح کرنے کے بعد جیور میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پریشان ہے، مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے جنگ جاری ہے۔ اس جنگ کی وجہ سے کئی ممالک میں خوراک، ڈیزل اور کھاد کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔مودی نے کہا کہ ہر ملک اس بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہندوستان اپنے شہریوں کی طاقت کے بل پر اس کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان بڑی مقدار میں خام تیل اور گیس متاثرہ ممالک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے تاکہ عام خاندانوں اور کسانوں پر اس بحران کا بوجھ نہ پڑے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لیے سب کی کوشش ضروری ہے۔ 140 کروڑ شہریوں کو سخت محنت اور اتحاد کے ساتھ اس صورتحال کا سامنا کرنا ہوگا۔ میں نے اس جاری جنگ سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کے طریقوں پر پارلیمنٹ میں بھی بات کی ہے اور کل تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مثبت گفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سکون، صبر اور اتحاد کے ساتھ اس بحران کا مقابلہ کریں کیونکہ یہ عالمی سطح کا مسئلہ ہے، مگر سب سے زیادہ فکر اپنے ملک کی ہونی چاہیے، یہی ہندوستانیوں کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
مودی نے سیاسی جماعتوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دوران کچھ لوگوں نے ویکسین کے بارے میں جھوٹ اور افواہیں پھیلائیں تاکہ حکومت کا کام مشکل ہو، مگر عوام نے انتخابات میں ایسی سیاست کو مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس سے سبق سیکھیں گی اور ملک کو مضبوط کریں گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس بحران کے باوجود بھی ہندوستان نے اپنی تیز رفتار ترقی کو جاری رکھا ہے۔انہوں نے ایئرپورٹ کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ آج ہم ترقی یافتہ اتر پردیش اور ترقی یافتہ ہندوستان مہم کا ایک نیا باب شروع کر رہے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست آج بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لحاظ سے سرفہرست ریاستوں میں شامل ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ نوئیڈا، علی گڑھ، آگرہ، متھرا سمیت کئی اضلاع کو فائدہ پہنچائے گا اور کسانوں، چھوٹے صنعتکاروں اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
مودی نے کہا کہ یہاں سے نہ صرف دنیا کے لیے پروازیں اڑیں گی بلکہ یہ ترقی یافتہ اتر پردیش کی پرواز کی علامت بھی بنے گا، خاص طور پر مغربی اتر پردیش کے عوام کو اس کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں مغربی اتر پردیش میں کئی بڑے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، اور کم وقت میں نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکمل ہونا بڑی کامیابی ہے۔
مودی نے کہا کہ یہ “ڈبل انجن حکومت” کی ترقیاتی کوششوں کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سماجوادی پارٹی کے رہنماؤں نے نوئیڈا کو لوٹ کا اے ٹی ایم بنا رکھا تھا، لیکن آج بی جے پی حکومت میں یہی نوئیڈا ترقی کا مضبوط انجن بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ایئرپورٹ کو 2003 میں سابق وزیرِ اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حکومت نے منظوری دی تھی، مگر بعد کی حکومتوں نے برسوں تک اس پر کام نہیں ہونے دیا۔ مودی نے کہا کہ 2004 سے 2014 تک اس منصوبے کی فائلیں دبی رہیں۔ ہماری حکومت آنے کے بعد بھی ابتدا میں رکاوٹیں آئیں، لیکن جیسے ہی مرکز اور ریاست دونوں میں بی جے پی حکومت بنی، اس منصوبے کی بنیاد رکھی گئی اور اب یہ مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے سابق حکومتوں پر الزام لگایا کہ نوئیڈا جانے کے حوالے سے اندھ وشواس پھیلایا گیا اور حکمران یہاں آنے سے ڈرتے تھے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ نوئیڈا آنے والے تھے تو اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ اکھلیش یادو خود نہیں آئے اور انہیں بھی آنے سے روکا۔مودی نے کہا کہ آج یہی علاقہ پوری دنیا کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کسانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زمینیں دے کر اس منصوبے کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ گنے سے بننے والے ایتھنول نے خام تیل پر انحصار کم کیا ہے، اور اگر یہ نہ ہوتا تو ہر سال کروڑوں بیرل تیل درآمد کرنا پڑتا۔ اس سے ملک کو بڑی معاشی بچت ہوئی اور کسانوں کو بھی فائدہ پہنچا۔مودی نے کہا کہ پہلے گنے کی ادائیگیاں برسوں تک رکی رہتی تھیں، مگر اب حالات بہتر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ہوائی اڈے صرف سہولت نہیں بلکہ ترقی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ 2014 سے پہلے ملک میں 74 ہوائی اڈے تھے، جو اب بڑھ کر 160 سے زیادہ ہو گئے ہیں، اور چھوٹے شہروں تک بھی فضائی رابطہ قائم ہو چکا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ آنے والے برسوں میں 100 نئے ہوائی اڈے اور 200 نئے ہیلی پیڈ بنانے کا منصوبہ ہے، جس سے اتر پردیش کو بھی بڑا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ فضائی سفر عام لوگوں کی پہنچ میں رہے، اسی لیے “اڑان اسکیم” شروع کی گئی، جس کے تحت گزشتہ برسوں میں 1.60 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے سستی ہوائی سفر کیا۔مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے پر حکومت غیر معمولی سرمایہ کاری کر رہی ہے، گزشتہ 11 برسوں میں اس کا بجٹ چھ گنا سے زیادہ بڑھایا گیا ہے۔