نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے باوجود ہندوستان کے پاس خام تیل کے کافی ذخائر موجود ہیں اور مسلسل سپلائی کے لیے مضبوط انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے آبنائے ہرمز کے ذریعے عالمی تجارت میں خلل کے پیش نظر اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر میں توسیع اور ریفائننگ صلاحیت میں اضافے کو اجاگر کیا۔
راجیہ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر کو بڑھا کر 53 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ کر دیا گیا ہے اور اسے 65 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد تک لے جانے کا کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ، گزشتہ دہائی میں ہندوستان کی ریفائننگ صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ میں ایوان اور ملک کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کے پاس خام تیل کے مناسب ذخائر اور مسلسل سپلائی کے انتظامات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے سب سے بڑے راستوں میں سے ایک ہے۔ خام تیل، گیس اور کھاد کی بڑی مقدار اسی راستے سے منتقل ہوتی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جہاں سے بھی ممکن ہو، تیل اور گیس کی سپلائی ہندوستان تک پہنچتی رہے۔ حالیہ دنوں میں کئی ممالک سے خام تیل اور ایل پی جی لے کر آنے والے جہاز ہندوستان پہنچے ہیں، اور یہ کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان نے توانائی کی درآمد کے ذرائع کو 27 سے بڑھا کر 41 ممالک تک وسیع کر لیا ہے، اور حکومت کسی ایک ایندھن پر انحصار کم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی ) اور ایل پی جی کی فراہمی کو تیز کرنے پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بحران ہماری ہمت اور کوششوں کا امتحان لیتا ہے۔ گزشتہ 11 برسوں میں ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل فیصلے کیے گئے ہیں۔ توانائی کی درآمد میں تنوع بھی انہی کوششوں کا حصہ ہے۔ پہلے خام تیل، ایل این جی اور ایل پی جی کے لیے 27 ممالک پر انحصار تھا، جبکہ آج 41 ممالک سے توانائی حاصل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کسی ایک ایندھن کے ذریعے پر زیادہ انحصار نہ ہو، اور گھریلو گیس سپلائی میں ایل پی جی کے ساتھ ساتھ پی این جی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ گزشتہ دہائی میں پی این جی کنیکشنز کے حوالے سے بے مثال کام ہوا ہے اور حالیہ دنوں میں اس رفتار کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جاری تنازع نے عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے اور کافی نقصان پہنچایا ہے، لیکن ہندوستان اس کے اثرات کو کم سے کم رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ مغربی ایشیا میں ہونے والے نقصانات کی تلافی میں دنیا کو طویل وقت لگے گا، مگر ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ ہندوستان پر اس کا اثر کم سے کم ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے آئندہ بوائی کے موسم کے لیے کسانوں کو مناسب مقدار میں کھاد فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے اس صورتحال کا بہتر طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کسانوں کو آنے والے بوائی کے موسم میں مناسب کھاد ملے اور انہیں کسی بحران کا بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔