نئی دہلی
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کے روز یہاں جمیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنیس کے ساتھ مل کر سبینا پارک میں ہندوستان کی جانب سے تحفے میں دیے گئے الیکٹرانک اسکور بورڈ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور جمیکا کے درمیان تعلقات کرکٹ کے ذریعے گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔
کنگسٹن میں واقع سبینا پارک جمیکا کرکٹ ٹیم کا ہوم گراؤنڈ ہے اور یہ ویسٹ انڈیز کے اس ملک کا واحد ٹیسٹ کرکٹ میدان ہے۔جے شنکر نے تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر کہا کہ ہندوستان اور جمیکا کی کہانی رنز میں لکھی گئی ہے، احترام میں لکھی گئی ہے اور دوستی میں لکھی گئی ہے۔ وزیر اعظم اینڈریو ہولنیس کے ساتھ سبینا پارک میں ہندوستان کی جانب سے تحفے میں دیے گئے الیکٹرانک اسکور بورڈ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا اسکور بورڈ کئی یادگار اننگز کا گواہ بنے گا، جن میں وہ اننگز بھی شامل ہوں گی جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی علامت ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں کئی عظیم اننگز اس اسکور بورڈ پر درج ہوں گی، اور ان میں ایک اننگز ہندوستان اور جمیکا کی دوستی کی بھی ہو۔
جے شنکر نے اس تقریب میں جمیکا کے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی کرس گیل کی غیر موجودگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی کمی محسوس کی گئی۔کرس گیل، کورٹنی والش اور مائیکل ہولڈنگ سمیت جمیکا کے کئی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ویسٹ انڈیز کرکٹ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔