ہندوستان نے صدر ٹرمپ کے بیان پر دیا دوٹوک جواب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-10-2025
ہندوستان نے صدر ٹرمپ کے بیان پر دیا دوٹوک جواب
ہندوستان نے صدر ٹرمپ کے بیان پر دیا دوٹوک جواب

 



نئی دہلی: ہندوستان کا تکنیکی مشن جون 2022 سے کابل میں کام کر رہا ہے، جو افغانستان سے امریکی قیادت میں نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد اگست 2021 میں ہندوستانی سفارت خانے کی بندش کے بعد محدود سفارتی اور انسانی مصروفیات فراہم کر رہا ہے۔ وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا کہ کابل میں ہندوستان کے تکنیکی مشن کو ہندوستان کے ایک مکمل سفارت خانے میں اپ گریڈ کرنے کا عمل اگلے چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔فی الحال، کابل میں ہمارا ایک تکنیکی مشن ہے۔ اس تکنیکی مشن سے سفارت خانے میں منتقلی اگلے چند دنوں میں ہو جائے گی۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران وزرات خارجہ کی طرف سے یہ جانکاری دی گئی۔جے شنکر کا یہ اعلان گزشتہ ہفتے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ان کی دو طرفہ ملاقات کے دوران ہوا، جو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان کے چھ روزہ دورے پر تھے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان کے روس سے تیل خریدنے پر دیے گئے بیان پر ہندوستان نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جمعرات کو وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان کل کسی بھی قسم کی کوئی بات چیت یا ٹیلیفون کال ہوئی ہو، ایسی کوئی معلومات میرے پاس نہیں ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں روسی خام تیل کی خرید میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس پر ہندوستان نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس کی درآمدی پالیسی مکمل طور پر قومی مفادات پر منحصر ہے۔ وزارت خارجہ نے صدر ٹرمپ کے اس دعوے کے چند گھنٹوں بعد ہی جواب میں کہا کہ ہندوستان بازار کے حالات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے ذرائع کو وسیع اور متنوع بنا رہا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ غیر مستحکم توانائی کے منظرنامے میں ہندوستانی صارفین کے مفادات کا تحفظ حکومت کی مستقل ترجیح رہی ہے۔ ہماری درآمدی پالیسیاں مکمل طور پر اسی مقصد کی سمت کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان امریکہ کے ساتھ توانائی کے تعلقات کو فروغ دینے پر غور کر رہا ہے۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ اس بات سے خوش نہیں ہے کہ ہندوستان روس سے خام تیل خرید رہا ہے، کیونکہ ایسی خریداری روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جنگی مالی مدد کا ذریعہ بنتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا: "وہ (مودی) میرے دوست ہیں، ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ ہم ان کے روس سے تیل خریدنے سے خوش نہیں تھے۔ مودی نے آج مجھے یقین دہانی کرائی کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے۔ یہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب ہمیں چین سے بھی یہی کروانا ہوگا۔

" ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہندوستان فوری طور پر خریداری بند نہیں کر پائے گا، لیکن عمل شروع ہو چکا ہے اور جلد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے اسے یوکرین پر روسی حملے کے خلاف مالی دباؤ بڑھانے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا۔ رندھیر جیسوال نے کہا: "ہم نے برطانیہ کی جانب سے اعلان کردہ حالیہ پابندیوں پر غور کیا ہے... ہم کسی بھی یکطرفہ پابندی کی حمایت نہیں کرتے۔

ہندوستانی حکومت اپنے شہریوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے توانائی کی سلامتی کو اعلیٰ ترجیح دیتی ہے... ہم اس بات پر زور دیں گے کہ توانائی کے شعبے میں دوہرے معیار نہیں ہونے چاہئیں۔" پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا: "تین باتیں بالکل واضح ہیں۔ پہلی، پاکستان دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دیتا ہے اور دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کرتا ہے۔

دوسری، اپنی داخلی ناکامیوں کا الزام ہمسایہ ممالک پر دینا پاکستان کی پرانی عادت ہے۔ تیسری، پاکستان اس بات سے خفا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر خود مختاری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ہندوستان افغانستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔"