جی سیون سربراہ اجلاس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور جی سیون اجلاس میں خطاب کے دوران مغربی ایشیا کی صورتحال پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ ہندستان خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کا خواہاں ہے اور حالیہ سفارتی پیش رفت کو کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم تصور کرتا ہے۔
وکرم مسری نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا ہندستان خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ اس کے نتیجے میں خطے میں جلد امن اور استحکام بحال ہوگا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے مقصد سے چودہ نکاتی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ مفاہمت دونوں ممالک کے درمیان تنازع کے خاتمے۔ آبنائے ہرمز کی بحالی اور پابندیوں و جوہری پروگرام سے متعلق حتمی معاہدے کے لیے ساٹھ روزہ مذاکراتی عمل کا آغاز فراہم کرتی ہے۔
امریکی ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کے دوران اس دستاویز پر دستخط کیے جبکہ ایرانی صدر کی جانب سے بھی اس کی توثیق کی گئی جس کے بعد معاہدہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا۔
معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحری آمدورفت کے لیے کھولنے۔ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر سے متعلق معاملات حل کرنے اور اقتصادی پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اس مفاہمتی یادداشت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمان اور دیگر ممالک کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد متن کو حتمی شکل دی گئی۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظامات پر بھی وسیع اتفاق رائے ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ آبنائے ہرمز پر ایران کی خودمختاری اور اختیار بھی برقرار رہے گا۔
چودہ نکاتی معاہدے میں فوری اور مستقل جنگ بندی۔ لبنان سمیت مختلف محاذوں پر فوجی کارروائیوں کے خاتمے اور ساٹھ دن کے اندر ایک جامع معاہدے کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ فریقین کی رضامندی سے اس مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
معاہدے کے مطابق امریکا اپنی بحری پابندیوں اور متعلقہ اقدامات میں نرمی شروع کرے گا جبکہ ایران ابتدائی ساٹھ دنوں تک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو بلا معاوضہ اور محفوظ راستہ فراہم کرے گا۔
دستاویز میں ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں کے مرحلہ وار خاتمے۔ منجمد ایرانی اثاثوں کی واپسی۔ ایرانی تیل کی برآمدات کے لیے خصوصی اجازت ناموں اور ایران کی تعمیر نو و اقتصادی ترقی کے لیے کم از کم تین سو ارب ڈالر کے منصوبے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی مبصرین کے مطابق اگر یہ مفاہمت کامیابی سے آگے بڑھتی ہے تو نہ صرف خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آ سکتی ہے بلکہ عالمی توانائی منڈی اور سمندری تجارت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔