ہندوستان اپنے لوگوں کو مشکل میں نہیں چھوڑتا: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-03-2026
ہندوستان اپنے لوگوں کو مشکل میں نہیں چھوڑتا: مودی
ہندوستان اپنے لوگوں کو مشکل میں نہیں چھوڑتا: مودی

 



ارنکولم
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز یقین دہانی کرائی کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے دوران خلیجی خطے میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو حکومت کی جانب سے مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ارنکولم میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نیا ہندوستان اپنے لوگوں کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑتا اور ہمیشہ ان کے تحفظ کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا كہ آج مغربی ایشیا میں جو حالات پیدا ہوئے ہیں، اس پر آپ سب کا فکر مند ہونا فطری بات ہے۔ ہمارے لاکھوں بھائی اور بہنیں وہاں کام کرتے ہیں۔ لیکن آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس وقت بی جے پی۔این ڈی اے کی حکومت اقتدار میں ہے۔ جب بھی ہمارے کسی شہری کو مشکل پیش آئی ہے، ہم نے اس کے تحفظ کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کی ہے۔ آج کا ہندوستان اپنے لوگوں کو مصیبت میں تنہا نہیں چھوڑتا۔ جنگی حالات میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو تحفظ اور تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے خلیجی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ وہاں مقیم ہندوستانیوں کی سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا كہ مجھے اطمینان ہے کہ خلیج میں ہمارے دوست ممالک ہمارے شہریوں کا خیال رکھ رہے ہیں۔ ہمارے سفارت خانے اور مشن چوبیسوں گھنٹے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ انہیں خوراک، رہائش اور تحفظ جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
مغربی ایشیا کے تنازعے سے نمٹنے کے معاملے پر حکومت پر تنقید کرنے والی کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے مودی نے الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر اشتعال انگیز بیانات دے کر ہندوستانیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا كہ یہ افسوسناک ہے کہ عالمی بحران کے اس وقت میں کانگریس پارٹی سیاست تلاش کر رہی ہے۔ کانگریس جان بوجھ کر اشتعال انگیز بیانات دے رہی ہے تاکہ خلل پیدا ہو۔ وہاں ہمارے لوگ مشکل میں پڑیں اور پھر وہ مودی کو برا بھلا کہیں، یہی ان کا کھیل ہے۔
وزیر اعظم نے کیرالہ کے عوام سے یہ اپیل بھی کی کہ ریاست کی ترقی کے لیے یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف حکومتوں کو باری باری منتخب کرنے کے سلسلے کو توڑیں۔
انہوں نے کہا كہ آپ نے کانگریس اور بائیں بازو کو ستر برس سے زیادہ وقت دیا ہے۔ اب بی جے پی۔این ڈی اے کو موقع دیں تاکہ وہ آپ کی خدمت کر سکے۔ آپ کو ترقی یافتہ کیرالہ کی ایک نئی جھلک دیکھنے کو ملے گی۔