کابل، افغانستان،:ہندوستان نے افغانستان میں فوری طبی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انفلوئنزا اور میننجائٹس کی 63 ہزار 734 ویکسین خوراکیں فراہم کی ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر بتایا کہ ہندوستان عوامی صحت میں افغانستان کی مدد کے عزم کو دہراتے ہوئے یہ ویکسین کابل پہنچا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی ہندوستان نے 73 ٹن جان بچانے والی ادویات، ویکسین اور غذائی سپلیمنٹس کابل بھیجے تھے تاکہ ہنگامی طبی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ جیسوال نے بتایا کہ ہندوستان افغانستان کے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے مسلسل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
3 نومبر کو وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے لئے ہندوستان نے غذائی امداد بھی روانہ کی ہے۔ جیسوال نے اس سلسلے میں بھیجی گئی امداد کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں اور کہا تھا کہ ہندوستان ہمیشہ کی طرح اس بار بھی سب سے پہلے مدد کے لئے موجود ہے۔
اسی دوران ہندوستانی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کے روز افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بات کی اور افغانستان کے صوبوں بلخ، سمنگان اور بغلان میں آنے والے زلزلے میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے اور ادویات کی مزید کھیپ بھی جلد پہنچنے والی ہے۔
6.3 شدت کا یہ زلزلہ پیر کی صبح مزار شریف کے قریب آیا تھا جس میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ جے شنکر نے بتایا کہ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔