ہندوستان، قبرص تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
ہندوستان، قبرص تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کریں گے
ہندوستان، قبرص تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کریں گے

 



نئی دہلی
قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولائیڈس اور وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی انقلابی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اختراع اور ٹیکنالوجی سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) تحقیقاتی مراکز، اسٹارٹ اپس اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ابھرتی ہوئی اور پائیدار ٹیکنالوجیز، بشمول اخلاقی اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، میں مشترکہ تحقیق اور اختراعی منصوبوں کی راہ ہموار کرے گی۔ یہ بات وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ خلائی شعبہ عالمی اقتصادی ترقی، سلامتی، اختراع اور تکنیکی پیش رفت کے لیے ایک بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس تناظر میں دونوں ممالک نے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بتایا کہ ہندوستان کی خلائی پالیسی 2023 غیر سرکاری اداروں کو خلائی شعبے میں مکمل سرگرمیوں کے لیے ایک سازگار اور متحرک فریم ورک فراہم کرتی ہے۔ دونوں فریقوں نے باہمی فائدے کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا۔
اس سلسلے میں رہنماؤں نے ایراٹوس تھینیز سینٹر آف ایکسی لینس (ای سی او ای) اور انڈین نیشنل اسپیس پروموشن اینڈ آتھرائزیشن سینٹر (اِن-اسپیس) کے درمیان جاری روابط کا بھی خیرمقدم کیا۔رہنماؤں نے تعلیمی سطح پر بڑھتے ہوئے تبادلوں، خصوصاً طلبہ اور محققین کے درمیان روابط کو سراہا۔ اس موقع پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا، جس کے بارے میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور تحقیقی تنظیموں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، تبادلوں کو فروغ دینے اور مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے اور ادارہ جاتی شراکت داری جیسے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔
دونوں رہنماؤں نے سشما سوراج انسٹی ٹیوٹ آف فارن سروس (ایس ایس آئی ایف ایس) اور قبرص کی وزارتِ خارجہ کی ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان سفارتی تربیت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا بھی خیرمقدم کیا۔ بیان کے مطابق یہ معاہدہ سفارت کاروں کی تربیت میں تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مائیگریشن اور موبیلیٹی پارٹنرشپ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھیں گے۔ یہ معاہدہ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے فروغ کے ساتھ ساتھ اعلیٰ مہارت رکھنے والے کارکنوں، طلبہ اور محققین کی پائیدار نقل و حرکت کے لیے ایک مؤثر فریم ورک فراہم کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے جلد از جلد سوشل سکیورٹی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) اور انسٹی ٹیوٹ آف سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹس آف قبرص (آئی سی پی اے سی) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
بیان کے مطابق یہ معاہدہ نوجوان اکاؤنٹنٹس کے لیے پیشہ ورانہ اور ضابطہ جاتی معیار کی ترقی، اکاؤنٹنگ اور آڈٹ کے شعبوں میں بہترین طریقۂ کار کے تبادلے، اور مالیاتی و کاروباری خدمات کے میدان میں باہمی تسلیم شدگی اور روزگار کے مواقع کو بڑھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گا۔