گلوبل ساؤتھ کے ایجنڈے پر ہندوستان پُرعزم ہے: جے شنکر

Story by  شیخ محمد یونس | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2025
گلوبل ساؤتھ کے ایجنڈے پر ہندوستان پُرعزم ہے: جے شنکر
گلوبل ساؤتھ کے ایجنڈے پر ہندوستان پُرعزم ہے: جے شنکر

 



نئی دہلی: وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے منگل کو تیسرے گلوبل ساؤتھ ینگ ڈپلومیٹس فورم کے شرکاء سے خطاب کیا اور گلوبل ساؤتھ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والی یکجہتی اور جذبات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان عالمی سطح پر گلوبل ساؤتھ کی آواز کو پیش کرنے، اس پر اصرار کرنے اور اسے مزید نمایاں کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں ڈاکٹر جے شنکر نے اس فورم میں شریک نوجوان سفارتکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا:تیسرے گلوبل ساؤتھ ینگ ڈپلومیٹس فورم کے شرکاء کے ساتھ بات چیت کر کے مسرت ہوئی۔ وزیرِ خارجہ نے اپنے خطاب میں گلوبل ساؤتھ ایجنڈے کے پس منظر میں موجود یکجہتی اور جذبات پر روشنی ڈالی۔

ان کے الفاظ میں: میں نے گلوبل ساؤتھ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے والی یکجہتی اور جذبات پر بات کی۔ اور اس پر بھی کہ ہندوستان کس طرح پُرعزم ہے کہ وہ گلوبل ساؤتھ کی آواز کو پیش کرے، اس پر اصرار کرے اور اسے مزید طاقتور بنائے۔ یاد رہے کہ پہلا گلوبل ساؤتھ ینگ ڈپلومیٹس فورم 20 نومبر سے یکم دسمبر 2023 کے دوران وزارتِ خارجہ کے سشما سواراج انسٹی ٹیوٹ آف فارن سروس (SSIFS)، نئی دہلی میں منعقد ہوا تھا۔

اس پہلے اجلاس میں 30 ممالک نے حصہ لیا تھا، جن میں بنگلہ دیش، بھوٹان، انڈونیشیا، مالدیپ، نیپال، فلپائن، سری لنکا، بحرین، عمان، کانگو (DRC)، ایتھوپیا، گھانا، کینیا، مڈغاسکر، ماریشس، موزمبیق، نائجیریا، سیشلز، تنزانیہ اور ارجنٹائن شامل تھے۔ اس کی افتتاحی تقریب 20 نومبر 2023 کو سشما سواراج انسٹی ٹیوٹ آف فارن سروس کے اُس وقت کے ڈین گڈم دھرمیندر نے کی تھی۔