ہندوستان کی بحرِ ہند میں "غیر علاقائی طاقتوں" کی موجودگی پر گہری نظر ، بحریہ کے نائب سربراہ کا بیان۔

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 01-11-2025
ہندوستان کی بحرِ ہند میں
ہندوستان کی بحرِ ہند میں "غیر علاقائی طاقتوں" کی موجودگی پر گہری نظر ، بحریہ کے نائب سربراہ کا بیان۔

 



 نئی دہلی [بھارت]، یکم نومبر (اے این آئی): بھارتی بحریہ کے وائس چیف، وائس ایڈمرل سنجے وٹسایان نے جمعہ کو کہا کہ بھارتی بحریہ بحرِ ہند میں "بیرونی طاقتوں" کی سرگرمیوں پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بحرِ ہند میں ہر وقت تقریباً 40 سے 50 بحری جہاز سرگرم رہتے ہیں، اور بحریہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

وائس ایڈمرل سنجے وٹسایان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا، "بحرِ ہند کے علاقے میں مختلف بیرونی طاقتوں کی موجودگی مسلسل برقرار ہے، اور یہ وقت کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ کسی بھی لمحے کم از کم 40 اور کبھی کبھی 50 سے زیادہ غیر ملکی جہاز بحرِ ہند میں موجود رہتے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا، "ہم ہر ایک جہاز پر نظر رکھ رہے ہیں — ہمیں معلوم ہے وہ کہاں ہیں، کیا کر رہے ہیں، کب آتے ہیں اور کب جاتے ہیں۔"

ستمبر میں یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ایک چینی ٹریکنگ جہاز "یوان وانگ-5" بحرِ ہند میں سرگرم تھا۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سنجے وٹسایان نے یہ بھی بتایا کہ بحرِ ہند میں سمندری ڈاکوؤں، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی نقل و حرکت جیسے چیلنجز مسلسل موجود ہیں۔

ان کے مطابق، "دنیا کے لحاظ سے بحرِ ہند تیل اور سامان کی نقل و حمل کا سب سے بڑا راستہ ہے۔ اسی کے ساتھ روایتی اور غیر روایتی خطرات بھی جڑے ہوئے ہیں — جیسے بحری قزاقی، انسانی اسمگلنگ، منشیات کی تجارت وغیرہ۔ ہم ان سب سے واقف ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ اس سال بھارتی بحریہ نے 10 نئے جہاز اور ایک آبدوز کو اپنے بیڑے میں شامل کیا ہے، جب کہ سال کے اختتام تک مزید چار جہاز شامل کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا، "ہم نے اب تک دس جہاز اور ایک آبدوز شامل کی ہے، اور دسمبر کے آخر تک مزید چار جہاز حاصل ہوں گے۔ اگلے سال 19 نئے بحری جہاز متوقع ہیں جن میں سے زیادہ تر دسمبر تک کمیشن ہو جائیں گے، جبکہ اس کے اگلے سال مزید 13 جہاز بحریہ کے حوالے کیے جائیں گے۔"

وائس ایڈمرل سنجے وٹسایان یہ گفتگو فروری 2026 میں ہونے والی "انٹرنیشنل فلیٹ ریویو" کے حوالے سے کر رہے تھے۔

یہ تقریب پہلی بار بھارت کے دیسی طیارہ بردار بحری جہاز INS وکرانت اور کلواری کلاس آبدوزوں کی شرکت کے ساتھ منعقد ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ "امریکہ اور روس نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ دونوں ممالک اپنے جہاز — اور ممکنہ طور پر کچھ طیارے — اس بین الاقوامی فلیٹ ریویو اور ملان مشق کے لیے بھیجیں گے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ تقریب کے لیے بڑی تعداد میں ممالک کو مدعو کیا گیا ہے، اور اب تک 50 سے زیادہ ممالک نے اپنی شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ یہ ممالک "انٹرنیشنل فلیٹ ریویو"، "ملان ایکسرسائز" اور "انڈین اوشن نیول سمپوزیم" (IONS) میں حصہ لیں گے۔