جے شنکر نے یہ بات فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس اور آسیان علاقائی فورم کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران کہی۔اپنے ابتدائی خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات ہندوستان۔چین تعلقات کا جائزہ لینے اور اہم علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک اچھا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2024 میں قازان میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات کے بعد ہندوستان اور چین کے تعلقات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال اگست میں تیان جن میں ہونے والی ملاقات نے اس سمت کو مزید تقویت دی۔جے شنکر نے کہا کہ دونوں ممالک کا ماننا ہے کہ باہمی احترام۔ مشترکہ مفاد اور باہمی حساسیت کی بنیاد پر ہی ایک مستحکم اور تعاون پر مبنی تعلق قائم کیا جا سکتا ہے۔ ایسا تعلق نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے ایشیا اور دنیا کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں امن و استحکام معمول کے تعلقات کے لیے ناگزیر ہے۔ اکتوبر 2024 سے دونوں ممالک اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں قائم مختلف دوطرفہ نظاموں اور مذاکراتی طریقہ کار کو مکمل تعاون اور بھرپور حوصلہ افزائی ملنی چاہیے۔جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان اور چین دو بڑے اور ہمسایہ ممالک ہیں۔ اس لیے دونوں کے اپنے اپنے قومی مفادات ہونا فطری بات ہے۔ تاہم اختلافات کو تنازعات میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور ان کا دانشمندانہ حل سفارت کاری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے براہ راست پروازوں کی بحالی۔ ویزا نظام میں بہتری۔ کیلاش مانسروور یاترا کے دوبارہ آغاز اور سرحدی تجارت کی بحالی کا ذکر کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس کے باوجود کئی اہم معاملات پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے جن میں منصفانہ منڈی تک رسائی۔ تجارتی توازن۔ سپلائی چین کی پیش بینی اور سرکاری و عوامی سطح پر روابط کو مزید آسان بنانا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی ترجیحات کے مطابق مختلف مشترکہ فورمز اور مذاکراتی نظاموں کے اجلاسوں کے انعقاد پر بھی اتفاق کرنا چاہیے۔جے شنکر نے اس سال برکس کی ہندوستانی صدارت کے دوران مختلف سرگرمیوں اور اقدامات میں چین کے تعاون کو بھی سراہا اور اس کے لیے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور ایسے وقت میں یہ ملاقات اہم بین الاقوامی مسائل پر خیالات کے تبادلے کا ایک موزوں موقع فراہم کرتی ہے۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر دو روزہ دورے پر منیلا میں ہیں جہاں وہ آسیان۔ہندوستان وزرائے خارجہ اجلاس۔ مشرقی ایشیا سربراہ اجلاس کے وزرائے خارجہ اجلاس اور آسیان علاقائی فورم کے اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔