ہندوستان نے چینی کی برآمدات پر فوری پابندی عائد کر دی۔ ستمبر 2026 تک فیصلہ نافذ رہے گا۔

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2026
ہندوستان  نے چینی کی برآمدات پر فوری پابندی عائد کر دی۔ ستمبر 2026 تک فیصلہ نافذ رہے گا۔
ہندوستان نے چینی کی برآمدات پر فوری پابندی عائد کر دی۔ ستمبر 2026 تک فیصلہ نافذ رہے گا۔

 



 نئی دہلی: ہندوستان نے بدھ کے روز فوری اثر کے ساتھ چینی کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے جو 30 ستمبر 2026 تک یا آئندہ احکامات جاری ہونے تک نافذ رہے گی۔

وزارت تجارت و صنعت نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مختلف اقسام کی چینی کی برآمدی حیثیت کو “محدود” فہرست سے تبدیل کر کے “ممنوع” زمرے میں شامل کر دیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ نے تصدیق کی ہے کہ اس ترمیم کا اطلاق خام چینی۔ سفید چینی اور ریفائنڈ چینی پر ہوگا جو آئی ٹی سی ایچ ایس کوڈز کے تحت درج ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ فیصلہ آئندہ دو برسوں کے دوران ملکی سپلائی کو برقرار رکھنے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ “خام چینی۔ سفید چینی اور ریفائنڈ چینی کی برآمدی پالیسی کو فوری اثر کے ساتھ 30 ستمبر 2026 تک یا آئندہ احکامات تک محدود سے ممنوع قرار دیا جاتا ہے۔”

تاہم حکومت نے بعض بین الاقوامی معاہدوں اور موجودہ اسکیموں کے تحت چند استثنیٰ بھی دیے ہیں۔ پابندی کا اطلاق یورپی یونین اور امریکہ کو سی ایکس ایل اور ٹی آر کیو کوٹے کے تحت برآمد کی جانے والی چینی پر نہیں ہوگا۔ یہ برآمدات متعلقہ عوامی نوٹسز کے مطابق جاری رہیں گی۔

اسی طرح ایڈوانس آتھرائزیشن اسکیم کے تحت ہونے والی برآمدات پر بھی فارن ٹریڈ پالیسی 2023 نافذ رہے گی۔

وزارت نے ان کھیپوں کے لیے عبوری انتظامات کی بھی وضاحت کی ہے جو پہلے ہی برآمدی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ ایسے جہاز جن پر نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل چینی کی لوڈنگ شروع ہو چکی تھی انہیں روانگی کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح وہ برآمدات بھی جاری رہ سکیں گی جن کے شپنگ بل پہلے ہی جمع ہو چکے ہوں اور جہاز ہندوستانی بندرگاہوں پر لنگر انداز یا برتھ ہو چکے ہوں اور انہیں روٹیشن نمبر الاٹ کیا جا چکا ہو۔

وزارت کے مطابق ایسی صورت میں لوڈنگ کی منظوری متعلقہ پورٹ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد ہی دی جائے گی کہ جہاز نوٹیفکیشن سے پہلے بندرگاہ پر موجود تھا۔

وہ کھیپیں بھی فوری پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جو پہلے ہی کسٹمز یا متعلقہ تحویل دار اداروں کے حوالے کی جا چکی ہوں اور الیکٹرانک نظام میں ان کا اندراج موجود ہو۔

حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کسی ملک کی حکومت اپنی غذائی ضروریات کے تحت باضابطہ درخواست دے تو مخصوص ممالک کو چینی کی برآمد کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر 30 ستمبر 2026 کے بعد پابندی میں توسیع نہ کی گئی تو ان اقسام کی چینی کی برآمدی پالیسی خود بخود دوبارہ “محدود” حیثیت میں واپس آ جائے گی۔