ہندوستان اور اسرائیل کا 27 معاہدوں پر دستخط

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-02-2026
ہندوستان اور اسرائیل کا 27 معاہدوں پر دستخط
ہندوستان اور اسرائیل کا 27 معاہدوں پر دستخط

 



 تل ابیب:  ندوستان اور اسرائیل نے جمعرات کے روز 27 معاہدوں پر دستخط کرتے ہوئے اپنے دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔ یہ پیش رفت وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد سامنے آئی۔

مذاکرات کے بعد مصنوعی ذہانت اے آئی یو پی آئی کے ذریعے مالیاتی رابطہ کاری ماہی گیری ثقافت ارضیاتی سائنس اور لوتھل میری ٹائم میوزیم سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سائر کے دفتر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 16 دوطرفہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

زرعی اختراعات اور ٹیکنالوجی سویلین ڈرونز کے استعمال سیٹلائٹ ڈیٹا آبپاشی اور کھاد کے انتظام کیڑے مار ادویات گرین ہاؤس کاشتکاری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے تبادلے کے شعبوں میں بھی تعاون کے معاہدے طے پائے۔ ہندوستان کے سفیر جے پی سنگھ نے اسرائیلی حکام کے ساتھ باضابطہ طور پر ان یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔

وزیر اعظم مودی نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کریں گے جس سے اقتصادی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی شراکت داری قائم کی جا رہی ہے جس سے اے آئی کوانٹم ٹیکنالوجی اور نایاب معدنیات کی سپلائی چین میں تعاون کو نئی رفتار ملے گی۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اسرائیل نے ہندوستانی ڈیجیٹل ادائیگی نظام یو پی آئی کے استعمال کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

علاقائی اور عالمی امور پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان کے سیکورٹی مفادات مغربی ایشیا میں امن اور استحکام سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں اور تنازعات کا حل بات چیت اور پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مغربی ایشیا کے ساتھ صدیوں پرانے اقتصادی تجارتی ثقافتی اور تاریخی تعلقات رکھتا ہے اور خطے کے ممالک کے ساتھ توانائی تجارت اور اسٹریٹجک تعاون میں گہری شراکت داری رکھتا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس موقع پر کہا کہ دونوں قدیم تہذیبیں اپنے ماضی پر فخر کرتی ہیں لیکن مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں باقاعدہ وزارتی سطح کی دوطرفہ ملاقاتیں منعقد کریں گے اور جی ٹو جی میٹنگ ہندوستان میں ہوگی۔

انہوں نے اختراعات کو دونوں ممالک کے تعلقات کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل ان کا ہے جو جدت اختیار کرتے ہیں اور اسرائیل اور ہندوستان اس راستے پر مضبوطی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے ہولوکاسٹ یادگار یاد واشم پر حاضری دی اور دونوں رہنماؤں نے صدارتی دفتر میں ایک پودا لگا کر دوستی اور تعاون کی علامت پیش کی۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے ذاتی طور پر بھی ہندوستان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی اہلیہ سارہ سے پہلی ملاقات کا ذکر کیا جو تل ابیب کے ایک ہندوستانی ریستوران میں ہوئی تھی۔

اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے جس سے سفارتی اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔