نئی دہلی
پیر کو ہونے والے انڈیا بلاک کے اجلاس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپوزیشن اتحاد کو "محض ایک خیالی تصور" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اتحاد کے پاس زمینی سطح پر نہ تو یکجہتی ہے اور نہ ہی کوئی واضح عزم۔اپوزیشن کے انڈیا بلاک میں شامل 23 سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کی پیر کو ملاقات متوقع ہے، جس میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں علاقائی اتحادی جماعتوں کی شکست کے بعد پیدا ہونے والے اختلافات کو دور کرنے پر غور کیا جائے گا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پوناوالا نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے اندر مکمل انتشار پایا جاتا ہے اور کانگریس کے ساتھ دراوڑ منیترا کڑگم ، جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور بائیں بازو کی جماعتوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی پارٹی نے بھی کانگریس کے علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنانے کے ارادوں پر سوال اٹھائے ہیں۔
شہزاد پوناوالا نے کہا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس کے درمیان اختلافات، جے ایم ایم اور کانگریس کے تنازعے، اور انڈیا اتحاد کے مکمل انتشار کے بعد، اب بائیں بازو کی جماعتیں بھی کانگریس پر تنقید کر رہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے بھی کانگریس کو نشانہ بنایا ہے۔ اس نے چھوٹی علاقائی جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ کانگریس ان کے ساتھ صرف خود کو مضبوط کرنے کے لیے اتحاد کرتی ہے، ملک کو مضبوط بنانے کے لیے نہیں، اسی لیے وہ انڈیا اتحاد میں شامل نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی انڈیا اتحاد موجود نہیں ہے۔ یہ صرف کچھ لوگوں کے ذہن کا ایک تصور ہے۔ رسمی اجلاس تو ہوتے ہیں، لیکن زمینی سطح پر اس اتحاد کا کوئی حقیقی وجود یا عزم نظر نہیں آتا۔پوناوالا نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد کے پاس کوئی مشترکہ مقصد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے پاس نہ کوئی مشن ہے، نہ کوئی وژن، صرف تقسیم ہے۔ یہ اتحاد ابتدا ہی سے کنفیوژن، ذاتی خواہشات اور اختلافات پر مبنی تھا۔ آج وہ اختلافات روزانہ کی بنیاد پر سامنے آ رہے ہیں۔ جب یہ جماعتیں اکٹھی بھی ہوئیں تو اصولوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی سہولت کے لیے ہوئیں۔ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ علاقائی جماعتوں کو کانگریس پر اعتماد نہیں کیونکہ وہ "ان کا استعمال کرتی ہے اور پھر انہیں نظر انداز کر دیتی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے نے کانگریس کو پیٹھ میں چھرا گھونپنے والی جماعت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتی۔ جھارکھنڈ میں راجیہ سبھا کی دوسری نشست کے معاملے پر جے ایم ایم اور کانگریس کے درمیان تنازعہ ہے، کیونکہ جے ایم ایم کا کہنا ہے کہ کانگریس نے اس سے مشورہ تک نہیں کیا۔پوناوالا نے مزید کہا کہ راشٹریہ جنتا دل ، شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) اور دیگر جماعتوں کو بھی لگتا ہے کہ کانگریس ان کا استعمال کرتی ہے اور پھر انہیں چھوڑ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد صرف کاغذوں، سرخیوں اور نمائشی سرگرمیوں تک محدود ہے، حقیقت میں اس کا کوئی وجود نہیں۔بی جے پی ترجمان نے مغربی بنگال، کیرالہ، پنجاب، دہلی، ہریانہ اور راجستھان جیسی ریاستوں میں انڈیا اتحاد کی جماعتوں کے درمیان براہِ راست انتخابی مقابلوں کا حوالہ دیتے ہوئے اتحاد کی یکجہتی پر بھی سوالات اٹھائے۔