یوم آزادی پر آواز دی وائس کے بنگالی ایڈیشن کا تحفہ

Story by  عاطر خان | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2025
یوم آزادی پر آواز دی وائس کے بنگالی ایڈیشن  کا تحفہ
یوم آزادی پر آواز دی وائس کے بنگالی ایڈیشن کا تحفہ

 



محترم قارئین

یوم آزادی کے خاص موقع پر آواز – دی وائس آپ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے اور آپ کو یومِ آزادی کی خوشیوں کی نیک خواہشات دیتا ہے۔ آج ہمارے لیے دوہری خوشی کا دن ہے۔ پہلا، اپنی عظیم آزادی  پر فخر اور اس کی شان و شوکت کا جشن ہے تو  دوسرا ہمارے بنگالی ایڈیشن کے اجراء کا موقع ہے ۔ آپ کی بے پناہ محبت اور چھ زبانوں میں ہماری پیشکش کو حاصل زبردست حمایت اور مقبولیت  نےاس نیوز پلیٹ فارم کو شاندار رفتار بخشی ہے۔ اسی کامیابی کے تسلسل میں ہمیں فخر ہے کہ ہم جنوری 2021 میں اپنے سفر کے آغاز کے بعد آج بنگالی کو اپنا ساتواں ایڈیشن بنا رہے ہیں۔

صرف چار برس کے قلیل عرصے میں دنیا بھر سے قارئین کی محبت اور اعتماد نے ہمیں ہمت اور حوصلہ بخشا ہے۔ ہماری انگریزی، ہندی، اردو، مراٹھی، آسامی اور عربی ایڈیشن کی قارئین تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے،اب ہم ہر ماہ ایک کروڑ سے زیادہ  ویوز حاصل کر رہے ہیں۔ یہ سنگِ میل آپ کی مستقل دلچسپی اور حوصلہ افزائی کے بغیر ممکن نہ تھا۔

گزشتہ سال کے دوران ہمیں اپنے بنگالی قارئین کی جانب سے متعدد درخواستیں موصول ہوئیں کہ ہم ان کی زبان میں بھی ایک ایڈیشن جاری کریں۔ ہم نے اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیا ۔ ایک باصلاحیت بنگالی ایڈیٹوریل ٹیم تشکیل دی اور ایک مخصوص ورٹیکل تیار کیا، جو اب مکمل طور پر فعال ہے۔ آج سے ہمارے بنگالی بولنے والے قارئین اپنی زبان میں ہماری ویب سائٹ اور آڈیو ویزول مواد سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

بنگال ایک ایسی سرزمین ہے جس کا ثقافتی ورثہ بے پناہ ہے اور جسے رابندر ناتھ ٹیگور اور قاضی نذرال اسلام جیسے عظیم مفکرین کی لازوال میراث نے مالا مال کیا ہے۔ اگرچہ اس خطے نے ایک پیچیدہ اور بعض اوقات پرآشوب تاریخ دیکھی ہے، لیکن اس نے ہمیشہ شمولیت، ہم آہنگی اور تمام مذاہب و برادریوں کے احترام کی روح کو اپنایا ہے۔ ہم اسے ایک شاندار موقع سمجھتے ہیں کہ بنگال کی انوکھی اور متاثر کن کہانیاں دنیا کے ساتھ، بشمول اپنے بنگلہ دیش کے دوستوں کے، شیئر کریں۔

ہمارا بنیادی اصول ہمیشہ "شمولیت کا صحافت" رہا ہے۔ آواز ۔ دی وائس کی ہر ٹیم اس نظریے سے گہری وابستہ ہے تاکہ ہمارا مواد تنوع، ہم آہنگی اور بامعنی کہانیوں کی عکاسی کرے۔ موجودہ شور و غل سے بھرے ڈیجیٹل منظرنامے میں ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ایک معتبر، پُرکشش اور قابلِ احترام نیوز پلیٹ فارم کے طور پر اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔ہم آپ کے اعتماد اور تعاون کے تسلسل کے منتظر ہیں، کیونکہ ہم اس نئے اور دلچسپ سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔