رمضان کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2022
رمضان کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ
رمضان کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ

 

 

نئی دہلی:رمضان کا آغاز ہوگیا ہے اور اس کے ساتھ ہی گرمی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے۔ حالانکہ مارچ کا مہینہ بھی خاص گرم گزراہے مگراپریل میں لو چلنے لگی ہے۔اس باوجود روزہ رکھنے والے روزہ رکھ رہے ہیں اور مسجدوں میں نمازیوں کی بھیڑ بڑھ گئی ہے۔

مارچ کے مہینے سے ملک بھر میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑ رہی ہے۔ مارچ میں شدید گرمی نے کئی سابقہ ​​ریکارڈ توڑ ڈالے۔ مارچ کے مہینے میں گزشتہ ڈیڑھ سو سال میں پورے ملک میں اتنی گرمی کبھی نہیں پڑی۔

اس سال مارچ کا اوسط درجہ حرارت 33.10 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس سے قبل 2010 میں 33 اعشاریہ 9 ڈگری کا ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اب اپریل کا مہینہ شروع ہو گیا ہے لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل میں بھی لوگوں کو گرمی سے کوئی راحت ملنے والی نہیں ہے۔

 

دہلی میں گزشتہ کئی سالوں کی ریکارڈ توڑ گرمی پڑ رہی ہے۔ چلچلاتی دھوپ نے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی مشکل کر دیا ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔

 

مارچ میں گرمی نے 122 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ شدید گرمی کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مشکل یہ ہے کہ گرمیوں کا یہ موسم اپریل کے مہینے میں بھی کم نہیں ہوگا۔ یعنی اس مہینے میں بھی بارش نہ ہونے کی توقع ہے اور نہ ہی چلچلاتی گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔

دہلی میں کم از کم 8 سے 10 دن مزید ایسے ہی حالات رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کے سائنسدان آر کے جینامانی نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 دنوں سے تیز ہوا چل رہی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت 2 ڈگری تک گر گیا ہے تاہم آئندہ چند روز تک بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔ ہندوستان کا محکمہ موسمیات 1901 سے ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے۔

اس کے بعد آج تک کبھی ایسی گرمی نہیں پڑی، یعنی گرمیوں کے تمام ریکارڈ دھرے کے دھرے رہ گئے۔ مارچ گزر گیا لیکن اپریل کی گرم ہوائیں ہیٹ ویو بن کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے والی ہیں۔

اس وقت لوگ دھوپ سے بچنے کے لیے مختلف تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔ بار بار پانی پینا، ٹھنڈا شربت، گھر سے نکلتے وقت چھتری اور دیگر کئی علاج آزمائے جا رہے ہیں۔

گرمی ایسی ہے گویا مئی جون کا مہینہ چل رہا ہے۔ اس وقت لوگوں کو اس سخت گرمی سے کوئی راحت نہیں مل رہی۔ ملک کے کئی بڑے شہروں میں دوپہر کے وقت سڑکوں پر خاموشی چھا جاتی ہے۔