نئی دہلی: دہلی کے اشوک نگر میں لکشمی بائی کالج کی ایک 20 سالہ طالبہ پر خوفناک تیزاب حملے کے بعد کالج کی پراکٹر ڈاکٹر من راج گرجَر نے بتایا کہ یہ واقعہ کالج کیمپس کے باہر پیش آیا تھا، اور متاثرہ لڑکی این سی ڈبلیو ای بی (نان کالج ویمنز ایجوکیشن بورڈ) کی طالبہ تھی، نہ کہ ریگولر اسٹوڈنٹ۔
انہوں نے کہا، ’’وہ این سی ڈبلیو ای بی کی طالبہ ہے، ریگولر کالج اسٹوڈنٹ نہیں... یہ واقعہ کالج کیمپس کے باہر، مین روڈ پر پیش آیا۔ جائے وقوعہ سے تقریباً 50 میٹر کے فاصلے پر ایک پی سی آر وین موجود تھی، جس میں ایک خاتون پولیس افسر تعینات تھی۔‘‘
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم کی شناخت جتیندر کے طور پر ہوئی ہے، جو مکندپور کا رہائشی ہے، اس کے ساتھ ایشان اور ارمان بھی ملوث تھے۔ جتیندر گزشتہ ڈیڑھ سال سے متاثرہ لڑکی کا پیچھا کر رہا تھا۔ تقریباً ایک ماہ پہلے دونوں کے درمیان ایک تلخ جھگڑا بھی ہوا تھا۔
دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر آریان مان نے بتایا کہ جتیندر شادی شدہ ہے اور ایک بچے کا باپ ہے، اس کے باوجود وہ لڑکی کو مسلسل تنگ کر رہا تھا۔ ’’میں اپنی بہن سے ملا تو اس نے بتایا کہ وہ شخص ڈیڑھ سال سے اس کا پیچھا کر رہا ہے۔ کئی بار منع کرنے کے باوجود وہ باز نہیں آیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’میری بہن کے مطابق، تین لوگ موٹر سائیکل پر آئے اور ان میں سے ایک نے تیزاب کی بوتل نکال کر اس پر پھینکنے کی کوشش کی۔ اس نے اپنا بیگ آگے رکھ کر خود کو بچانے کی کوشش کی، مگر تیزاب دونوں ہاتھوں پر لگا اور تقریباً پانچ فیصد جلنے کے زخم آئے۔ اس نے بتایا کہ جس نے تیزاب پھینکا وہ جتیندر ہی تھا۔ وہ شادی شدہ ہے اور ڈیڑھ سالہ بچے کا باپ ہے۔ تینوں ملزموں کو فوراً گرفتار کیا جانا چاہیے۔‘‘
دوسری جانب دہلی پولیس نے تصدیق کی کہ اتوار کے روز تین افراد نے اس 20 سالہ طالبہ پر تیزاب پھینکا۔ متاثرہ طالبہ سیکنڈ ایئر (نان کالج) کی اسٹوڈنٹ تھی اور اپنی کلاس کے لیے لکشمی بائی کالج، اشوک وہار آئی تھی جب تین لوگ موٹر سائیکل پر آ کر اس پر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، ’’آج دیپ چند بندھو اسپتال سے ایک 20 سالہ خاتون کے تیزاب سے جھلسنے کی اطلاع ملی۔ متاثرہ نے بتایا کہ وہ سیکنڈ ایئر (نان کالج) اسٹوڈنٹ ہے اور کلاس کے لیے کالج جا رہی تھی۔ راستے میں جتیندر اپنے ساتھی ایشان اور ارمان کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا۔ ایشان نے ایک بوتل ارمان کو دی، جس نے تیزاب پھینکا۔ لڑکی نے چہرہ بچانے کی کوشش کی مگر دونوں ہاتھ جھلس گئے۔‘‘
پولیس نے مزید بتایا کہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرائم ٹیم اور ایف ایس ایل ٹیم نے کیا۔ متاثرہ کے بیان اور زخموں کی نوعیت کی بنیاد پر بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔