نئی دہلی : اعلیٰ معیار کی کتابوں، تحقیقی و تشہیری مواد کی تعلیمی اشاعت کو فروغ دینے اور امتحانی امور میں ادارہ جاتی خود مختاری اور رازداری کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کنٹرولر امتحانات کے دفتر میں ’جامعہ پریس‘ کے نام سے اپنا جدید پرنٹنگ پریس قائم کیا ہے۔ اس نئی سہولت کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کنٹرولر امتحانات پروفیسر احتشام الحق کی موجودگی میں انجام دیا۔
خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پروفیسر احتشام الحق نے وائس چانسلر کی فعال قیادت اور رجسٹرار کی مسلسل رہنمائی کو سراہا اور کہا کہ ان کی بصیرت کے نتیجے میں یونیورسٹی نے تعلیمی جدت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ادارہ جاتی وقار کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جامعہ پریس کا قیام خفیہ امتحانی مواد، تعلیمی اشاعتوں، سرکاری دستاویزات، پراسپیکٹس، رپورٹس اور تحقیقی کاموں کی بڑھتی ہوئی طباعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر تھا۔ ان کے مطابق بیرونی ایجنسیوں پر انحصار نہ صرف لاجسٹک مشکلات پیدا کرتا تھا بلکہ رازداری، بروقت تکمیل اور اخراجات سے متعلق خدشات بھی جنم لیتے تھے، اس لیے ایک محفوظ اور خود انحصار طباعتی نظام کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے امتحانات کے بروقت انعقاد اور نتائج کے وقت پر اعلان کے سلسلے میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جو فیکلٹی اراکین کے تعاون اور کنٹرولر امتحانات کے دفتر کے عملے کی محنت کا نتیجہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے کنٹرولر امتحانات کے دفتر میں جاری آٹومیشن اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلد ہی جامعہ دیگر جامعات کے لیے ایک مثالی ادارہ بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے جامعہ پریس کے قیام پر پروفیسر احتشام الحق اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ پریس فیکلٹی اور جامعہ کی وسیع تحقیقی برادری کو ایسا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا جس کے ذریعے وہ بیرونی اشاعتی اداروں پر انحصار کیے بغیر کم وقت میں اپنی علمی کاوشیں شائع کر سکیں گے۔
وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے جامعہ پریس کے قیام کو تعلیمی فضیلت اور انتظامی شفافیت کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ڈگریوں اور مارک شیٹوں کے اجراء میں تاخیر، امتحانات کے انعقاد میں دیر اور نتائج کے اعلان میں تاخیر سے متعلق شکایات موصول ہوتی رہی تھیں، تاہم کنٹرولر امتحانات کی مؤثر کاوشوں کے باعث اب یہ نظام زیادہ منظم اور باقاعدہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اب طلبہ اپنی ڈگریاں اور مارک شیٹ آن لائن ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
پروفیسر آصف نے جامعہ پریس کے قیام کے لیے پروفیسر احتشام الحق کی لگن اور خلوص کی بھی تعریف کی اور اس بات کا ذکر کیا کہ ان کی قیادت میں سنٹرلائزڈ ایویلیویشن ہال اور ایک خصوصی داخلہ سیل بھی قلیل مدت میں قائم کیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں جامعہ پریس ایک معتبر اشاعتی ادارے کے طور پر اپنی شناخت قائم کرے گا اور جامعہ کے فیکلٹی اراکین اپنی کتابوں کی اشاعت اسی پلیٹ فارم سے ترجیحی طور پر کریں گے۔
اس موقع پر مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، شعبہ جات کے صدور، ڈائریکٹرز، افسران اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد موجود رہی۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر آمنہ حسین نے انجام دی اور آخر میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔