حیدرآباد/ آواز دی وائس
چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان نے ہفتہ کے روز ایئر فورس اکیڈمی، حیدرآباد میں منعقدہ کمبائنڈ گریجویشن پریڈ کے ریویو میں شرکت کی۔ اس موقع پر فلائٹ کیڈیٹس سے اپنے خطاب میں سی ڈی ایس جنرل چوہان نے زور دیا کہ جنگ میں کوئی رنر اپ نہیں ہوتا، اور ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ آپریشن سندور بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی اور لاپرواہی کی قیمت ناقابلِ برداشت ہوتی ہے۔ آپ ایسے وقت میں ایئر فورس کا حصہ بن رہے ہیں جب ایک نیا معمول پوری طرح قائم ہو چکا ہے، ایسا دور جو اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری سے متعین ہوتا ہے۔ اگرچہ کارروائیوں کی شدت میں کمی آئی ہے، لیکن آپریشن سندور جاری ہے۔ ہماری طاقت اس میں ہے کہ ہم ہر گھنٹے، ہر دن چوکنا، مستعد اور تیار رہیں۔ فتح کو عادت بنانا اسی نئے معمول کا حصہ ہونا چاہیے۔ جنگیں نعروں سے نہیں بلکہ بامقصد عمل سے جیتی جاتی ہیں۔
ایئر فورس اکیڈمی ڈنڈیگل، حیدرآباد میں ہندوستانی فضائیہ کے مختلف شعبوں کے فلائٹ کیڈیٹس کی پری کمیشننگ تربیت کی کامیاب تکمیل کے موقع پر کمبائنڈ گریجویشن پریڈ منعقد کی گئی۔ گریجویشن تقریب میں جنرل انیل چوہان، چیف آف ڈیفنس اسٹاف، نے ریویونگ افسر کے فرائض انجام دیے۔
سی ڈی ایس جنرل چوہان نے ویتنام سے تعلق رکھنے والے زیرِ تربیت کیڈیٹس کو بھی اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی موجودگی ہندوستان اور ویتنام کے درمیان اعتماد اور دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے تمام گریجویٹ ٹرینیز کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آنے والا سفر عزت، قربانی اور اعلیٰ معیار کے حصول کے لیے مسلسل کوششوں سے بھرپور ہوگا۔