پچھلے 24 گھنٹوں میں 15 پروازوں سے 2,900 طلبا وطن واپس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پچھلے 24 گھنٹوں میں 15 پروازوں سے 2,900 طلبا وطن واپس
پچھلے 24 گھنٹوں میں 15 پروازوں سے 2,900 طلبا وطن واپس

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

یوکرین میں روس کی فوجی چڑھائی کے بعد سے ہندوستانی طلبا کے انخلا کا سلسلہ جاری ہے۔ مگر اس دوران طلبا کو ہونے والی مشکلات کی خبریں بھی آرہی ہیں ۔ بہرحال گزشتہ 24 گھنٹوں میں 15 پروازیں لینڈ کر چکی ہیں جن میں تقریباً 2,900 طلبا وطن واپس آچکے ہیں۔اگلے 24 گھنٹوں کے لیے 13 پروازیں شیڈول ہیں۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی  نے کہا ہے کہ مسئلہ سمی میں ہے۔ ہم دونوں فریقوں سے جنگ بندی کی پرزور اپیل کرتے ہیں، امید ہے کہ جلد ایسا ہو جائے گا،گولہ باری سے جانوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ کیمپس میں ہندوستانی طلباء محفوظ ہیں... ہماری ٹیمیں اب مشرق کی طرف بڑھ رہی ہیں مگر مسئلہ گولہ باری ہے۔انہوں نے کہا کہ غالباً ایک نیپالی شہری آج آئے گا (ہندوستانی پرواز پر)، بنگلہ دیشی شہری بھی بعد میں متوقع ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو یوکرین بحران پر ایک بار پھر اعلیٰ سطحی میٹنگ بلائی ۔ گزشتہ 4 دنوں میں پی ایم کی یہ 9ویں ملاقات ہے۔ آپریشن گنگا کے تحت پی ایم یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے مسلسل اس طرح کی میٹنگیں کر رہے ہیں اور خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔آپریشن گنگا میں اب تک ہزاروں طلباء کو واپس لایا جا چکا ہے۔ تاہم بہت سے طلباء اب بھی جنگ سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، ہفتہ کی شام کیف میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا کہ ہندوستانی طلبہ کو پسوچن لانے کے لیے 3 بسیں پہنچ گئی ہیں۔ جلد ہی مزید 2 بسیں آئیں گی۔

قبل ازیں وزارت خارجہ نے سومی میں پھنسے طلبہ سے کہا کہ ہم نے تمام ہندوستانی طلبہ کو چوکنا اور محفوظ رہنے کو کہا ہے۔ انہیں کسی محفوظ جگہ پر رہنا چاہئے اور غیر ضروری خطرہ مول نہیں لینا چاہئے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ کھارکیو میں اب کوئی ہندوستانی نہیں ہے۔ تمام ہندوستانیوں کو پسوچن سے بھی چند گھنٹوں میں نکال لیا جائے گا۔ اب حکومت کی توجہ سمی پر ہے۔

یوکرین کے سومی میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلباء پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے روس اور یوکرین کی حکومت پر ان کے لئے ایک محفوظ راہداری بنانے کے لئے فوری جنگ بندی کے لئے دباؤ ڈالا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے سومی میں پھنسے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ پناہ گاہوں کے اندر رہیں اور غیر ضروری طورپر خطرے میں خود کو ڈالنے سے گریز کریں۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایاکہ "ہم سومی (یوکرین) میں ہندوستانی طلباء کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔ ہم نے روس اور یوکرین کی حکومتوں پر متعدد رابطوں کے ذریعے فوری جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈالا ہے تاکہ ان کے لیے ایک محفوظ راہداری بنائی جا سکے۔طلبہ کو حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، پناہ گاہوں کے اندر رہنے اور غیر ضروری طور سے خود کو خطرے میں ڈالنے سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔وزارت اور ہمارے سفارت خانے اس کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔

طلبا ہیں پریشان 

اس دوران سومی اسٹیٹ یونیورسٹی کے ہندوستانی طلباء کے ایک بڑے گروپ نے ویڈیو پر اعلان کیا کہ وہ ماریوپول کی طرف بڑھ رہے ہیں، جہاں روس کی طرف سے جزوی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ویڈیو میں طلباء نے یہ بھی بتایاکہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری ہندوستانی حکومت پر عائد ہوگی۔ ہندوستانی پرچم لہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ان کی آخری ویڈیو ہے۔ ویڈیو میں ایک طالب علم نے بتایاکہ ہم نے طویل انتظار کیا ہے اور ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے۔

ہم اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ہم سرحد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اگر ہمیں کچھ ہوا تو ہندوستانی سفارت خانہ اور حکومت ہند ذمہ دار ہوگی۔ اگر ہم میں سے کسی کو کچھ ہوا تو آپریشن گنگا کی سب سے بڑی ناکامی ہوگی۔‘‘ ایک اور طالب علم نے کہاکہ "یہ ہماری آخری ویڈیو ہو سکتی ہے۔ برائے مہربانی ہمارے لیے دعا کریں۔

 وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ ہم طلبہ کے لیے محفوظ راہداری بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے روس اور یوکرین کی حکومتوں پر فوری جنگ بندی کے لیے متعدد ذرائع سے دباؤ ڈالا ہے۔ آج صبح روس نے یوکرین کے دو شہروں میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، یہ دونوں شہر سومی سے 600 کلومیٹر دور ہیں۔ دیگر مقامات پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں تک کہ مدد بھی نہیں پہنچی۔ جس کی وجہ سے ان طلباء نے پیدل جانے کا فیصلہ کیا۔