کولکتہ/ آواز دی وائس
بی جے پی کے زیرِ اقتدار اوڈیشہ کے ضلع سنبلپور میں مغربی بنگال کے ایک مہاجر مزدور کے مبینہ قتل کے چند دن بعد وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کے روز کہا کہ اس معاملے میں “زیرو ایف آئی آر” درج کر لی گئی ہے اور تفتیش کے لیے مغربی بنگال پولیس کی ایک ٹیم پڑوسی ریاست اوڈیشہ بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں بنگلہ بولنے والے لوگوں کے خلاف ہونے والے “استحصال اور تشدد” کی سخت مذمت کی۔
بدھ کے روز اوڈیشہ کے ضلع سنبلپور میں بیڑی سے متعلق ایک تنازع کے بعد مغربی بنگال کے ایک مہاجر مزدور کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول کی شناخت جوئیل شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ ممتا بنرجی نے بتایا کہ اس معاملے میں مغربی بنگال پولیس نے مرشدآباد ضلع کے سُوتی تھانے میں زیرو ایف آئی آر درج کی ہے اور اب تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال پولیس کی ایک ٹیم تفتیش کے لیے اوڈیشہ گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ میں بی جے پی کے زیرِ اقتدار ہر ریاست میں بنگلہ بولنے والے لوگوں کے خلاف ہونے والے بے رحم استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی سخت مذمت کرتی ہوں۔ ہم ان مہاجر بنگلہ بولنے والے خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں جنہیں ڈرایا دھمکایا گیا، ستایا گیا اور جنہیں غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ سنبلپور کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ مرشدآباد کے جنگی پور علاقے سے تعلق رکھنے والے مہاجر مزدوروں کو بی جے پی کے زیرِ اقتدار اوڈیشہ میں سنگین “زیادتیوں” کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ مرشدآباد کے جنگی پور کے سُوتی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان مہاجر مزدور کو 24 دسمبر کو سنبلپور میں پیٹ پیٹ کر مار دیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ مسلم اکثریتی مرشدآباد سے گئے مہاجر مزدور “اب خوف کے باعث اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مقتول کے اہلِ خانہ کو مالی امداد دی جائے گی۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے اس بات پر زور دیا کہ بنگلہ زبان بولنا کبھی بھی جرم نہیں ہو سکتا۔