روسی حکومت اور پتنجلِی گروپ کے درمیان اہم معاہدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-12-2025
روسی حکومت اور پتنجلِی گروپ کے درمیان اہم معاہدہ
روسی حکومت اور پتنجلِی گروپ کے درمیان اہم معاہدہ

 



نئی دہلی: ہندوستان اور روس کے صدیوں پرانے سفارتی اور اسٹریٹجک تعلقات نے آج ایک نیا رخ اختیار کیا ہے۔ اب یہ دوستی صرف دفاع اور تجارت تک محدود نہیں رہی، بلکہ صحت، یوگ اور ویلنَس کے شعبوں میں بھی نئے سنگ میل قائم کرے گی۔ نئی دہلی کے ہوٹل لیلا پیلس میں ایک شاندار تقریب کے دوران ماسکو حکومت اور بھارت کے سرکردہ ادارے پتنجلِی گروپ کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔

اس تاریخی لمحے کے گواہ تھے: بھارت–روس ٹریڈ کونسل کے چیئرمین اور ماسکو حکومت کے وزیر سرگئی چیریمن اور دنیا بھر میں معروف یوگ گرو سوامی رام دیو۔ یہ معاہدہ بنیادی طور پر ویلنس، ہیلتھ ٹورزم، ماہر افرادی قوت کے تبادلے اور تحقیقی تعاون پر مرکوز ہے۔ سرگئی چیریمن، جو حال ہی میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے بھارت دورے کے دوران اُن کے اعلیٰ سطحی وفد کا حصہ تھے، اس ایم او یو کے لیے خود موجود رہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس، خصوصاً یوگ اور آیوروید سمیت بھارتی روایتی طریقۂ علاج میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ یہ پورے بھارت کے لیے فخر کی بات ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے ویلنس انفلوئنسر سمجھے جانے والے سوامی رام دیو کو اس شراکت داری کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کی قیادت میں پتنجلِی نے نہ صرف بھارت میں بلکہ عالمی سطح پر یوگ اور آیوروید کو نئی پہچان دی ہے۔

روس کا پتنجلِی کے ساتھ شراکت کرنا اس بات کی علامت ہے کہ سوامی رام دیو کے وژن اور بھارتی روایتی علوم کو بین الاقوامی سطح پر بھارت–روس تعلقات مضبوط کرنے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک مشترکہ تحقیق کریں گے، اور بھارت سے تربیت یافتہ یوگا آچاریہ اور ویلنس ایکسپرٹس کو روس میں خدمات فراہم کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان سافٹ پاور ڈپلومیسی کو ایک نئی اونچائی تک لے جائے گا۔