لکھنؤ
مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باعث ایل پی جی اور ایندھن کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ حکومت نے قدرتی گیس (سپلائی نظم) حکم، 2026 جاری کیا ہے جس کے تحت گیس کی پیداوار، سپلائی اور تقسیم کو قابو میں رکھا جائے گا۔ اس کا مقصد ضروری شعبوں میں گیس کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
ادھر مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے سبب اتر پردیش میں تجارتی ایل پی جی سلنڈروں کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے درمیان ریاست بھر میں کئی ہوٹل بند ہونے کی نوبت آ سکتی ہے۔
لکھنؤ کے امین آباد علاقے میں مشہور مادھوریما ریسٹورنٹ چلانے والے ونیت کمار گپتا نے کہا كہ اگر سپلائی بحال نہ ہوئی تو اگلے دو تین دنوں میں حالات کیا ہوں گے، اس کا ہمیں کوئی اندازہ نہیں ہے۔
گپتا نے بتایا کہ ایک ریستوراں عام طور پر روزانہ دو سے تین ایل پی جی سلنڈر استعمال کرتا ہے اور تہواروں کے موسم میں اس کی مانگ اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا كہ اگر حالات ایسے ہی رہے تو ہم میں سے کچھ لوگ اپنے کچن چلانے کے لیے ڈیزل یا کوئلے کا سہارا لینے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن ہر کھانا اس طرح نہیں پکایا جا سکتا۔ ایل پی جی سلنڈر ہمارے لیے بہت ضروری ہیں۔
ریستوران مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس محدود تعداد میں تجارتی ایل پی جی سلنڈر ہیں
وارانسی میں ایک ریستوران چلانے والے راجندر اگروال نے کہا کہ ان کے پاس تجارتی ایل پی جی سلنڈروں کی محدود مقدار موجود ہے جو چند دنوں میں ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا كہ ہمیں خبر مل رہی ہے کہ نئے سلنڈروں کی سپلائی نہیں ہو رہی۔ اگر حالات ایسے ہی رہے تو ریستوران مالکان کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ہم میں سے کچھ کو اپنا کاروبار عارضی طور پر بند بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
آگرہ میں ہوٹل چلانے والے انوپ گپتا نے بتایا کہ ان کا ہوٹل فی الحال موجودہ سلنڈروں سے ہی کام چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا كہ اگر سپلائی میں رکاوٹ آتی ہے تو ہوٹل میں ٹھہرے مہمانوں کے لیے کھانا اور ناشتہ تیار کرنا ہمارے لیے مشکل ہو جائے گا۔ ہندوستان میں ایل پی جی کی زیادہ تر مانگ درآمد کے ذریعے پوری کی جاتی ہے اور اس مقدار کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ اہم سمندری راستے سے آتا ہے، جہاں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث جہازوں کی آمد و رفت تقریباً متاثر ہو گئی ہے۔
لکھنؤ کے ایک ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر نے کہا کہ سب سے بڑی تشویش سپلائی میں ممکنہ تبدیلی کو لے کر غیر یقینی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا كہ اصل مسئلہ تب پیدا ہوگا جب موجودہ ذخیرہ ختم ہو جائے گا۔ ابھی تک حکام کی طرف سے کوئی واضح اشارہ نہیں ملا کہ حالات کب بہتر ہوں گے، اس لیے ایل پی جی سلنڈروں میں گیس بھروانا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔
کچھ ڈسٹری بیوٹرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکن ہے بڑے تاجروں نے کمی کے خدشے سے سلنڈر جمع کرنا شروع کر دیے ہوں جس سے بحران اور بڑھ گیا ہے۔اتر پردیش ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر سنگھ کے سابق صدر ڈی پی سنگھ نے دی انڈین ایکسپریس سے کہا کہ اصل تشویش تجارتی صارفین کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا كہ فی الحال ہم اپنے پاس موجود محدود ذخیرے سے رجسٹرڈ صارفین کو سلنڈر فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم 19 کلو کے تجارتی ایل پی جی سلنڈر اس وقت ڈسٹری بیوٹرز کو نہیں دیے جا رہے، جس سے ان کاروباروں کو مشکل پیش آ سکتی ہے جو ان پر منحصر ہیں۔
ڈی پی سنگھ نے مزید کہا کہ ضروری خدمات کے لیے ترجیحی بنیاد پر سپلائی جاری رکھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق،اسپتالوں اور دیگر ضروری تجارتی اداروں کو گیس سلنڈروں کی سپلائی جاری ہے۔